وزیراعلیٰ کوغیر ملکی ماہرین نے چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر کے تخمینے کی پیمائش و تصدیق کی رپورٹ پیش کردی

محنت اورپیشہ وارانہ انداز میں رپورٹ تیار کرنے پر غیر ملکی ماہرین ،سیکرٹری معدنیا ت اور متعلقہ حکام کی تعریف

منگل 17 مئی 2016 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں غیر ملکی ماہرین نے چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر کے تخمینے کی پیمائش و تصدیق کی رپورٹ پیش کی ۔ اجلاس کے دوران رپورٹ کی روشنی میں منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے محنت اورپیشہ وارانہ انداز میں رپورٹ تیار کرنے پر غیر ملکی ماہرین ،سیکرٹری معدنیا ت اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اورزمین میں چھپے خزانے کا تخمینہ لگانے کیلئے اب تک انتہائی محنت سے کام کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے حوالے سے بنائی گئی سٹیئرنگ کمیٹی مکمل طورپر بااختیار ہے اور یہ کمیٹی منصوبے کے حوالے سے باقاعدہ اجلاس منعقد کر کے پیش رفت کا خود جائزہ لے اور منصوبے کو آگے بڑھانے کے حوالے سے خود فیصلے کرے ۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے پر ہونیوالی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ اگلے ماہ مکمل ہوگی۔غیر ملکی ماہرین نے رپورٹ کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو خام لوہے کے ذخائر کے تخمینے کی پیمائش و تصدیق کے نتائج سے آگاہ کیا ۔صوبائی وزراء شیر علی خان،عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری خزانہ ،سیکرٹری معدنیات۔چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اورمتعلقہ حکام کے علاوہ جرمنی کے ماہر و ٹیم لیڈر ڈاکٹر جرگن ہرتیش،چیف جیالوجسٹ سٹیو کاٹرے، جیالوجسٹ اورپراجیکٹ مینجمنٹ سپیشلسٹ ڈریو گریک اور چینی کمپنی ایم سی سی کے ژاؤ شینگنگ نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :