ملکی برآمدات میں اضافہ سے ہی ملکی صنعت ترقی کرے گی‘افتخار بشیر

منگل 17 مئی 2016 13:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیرنے کہا ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافہ سے ہی ملکی صنعت ترقی کرے گی،برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھتا جارہا ہے اور حکومت کے ریونیو میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے ضرور ت اس امر کی ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے بجٹ 2016-17میں حکومت برآمدکنندگان اور صنعتکاروں کے لیے مزید مراعات کا اعلان کرے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہوسکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے ایک اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ حکومت ٹیکس فری بجٹ پیش کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں150ارب کے نئے ٹیکسوں کی تجویز پریشان کن ہے 150ارب کے نئے ٹیکسوں کے نفاذ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے صنعتکار سمیت ہر طبقہ متاثر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس فری بجٹ تاجروں کی مشترکہ آواز ہے ۔حکومت نئے ٹیکس عائد کرنے کی بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے کوششیں کرے جو طبقہ ٹیکس دے رہا ہے اس پر مزید ٹیکسوں کابوجھ ان سے زیادتی ہے ۔