گذشتہ پانچ سال میں 8 لاکھ سے زیادہ سعودی برسرروزگار

رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 52 ہزار شہریوں کو ملازمتیں دی گئیں،سعودی محکمہ انسانی وسائل

منگل 17 مئی 2016 12:26

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء)سعودی عرب میں انسانی وسائل کی ترقی کے فنڈ (ہدف) نے گذشتہ پانچ سال کے دوران میں آٹھ لاکھ ساڑھے اکتیس ہزار مرد وخواتین کو ملازمتیں دلائی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہدف کے ڈپٹی ایگزیکٹو چئیرمین عمر مالیباری نے کہاکہ ملازمتیں پانے والے ان سعودیوں میں 63 فی صد مرد اور 37 فی صد خواتین ہیں۔

انھوں نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران میں 52400 سعودیوں کو روزگار دلایا گیا ہے۔ان میں 61 فی صد مرد اور 39 فی صد خواتین ہیں۔مالیباری نے جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ سنہ 2011ء میں بے روزگاری کی شرح 12.4 فی صد تھی اور یہ 2015ء میں کم ہوکر 11.5 فی صد ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سے زیادہ سعودی مرد وخواتین نے ہدف فنڈ کے الیکٹرانک تربیتی پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھایا ہے۔

دیروب کے نام سے یہ پلیٹ فارم مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں تربیتی مواقع مہیا کررہا ہے اور سعودیوں کو لیبر مارکیٹ کے لیے تیار کررہا ہے۔سعودی عرب بھر میں ہدف فنڈ کی ایک سو بیس شاخیں اور روزگار کے مراکز ہیں۔وہاں ملازمت کے حصول کے لیے آنے والے افراد کو رہ نمائی اور تربیت دی جاتی ہے۔ہدف ایک سال کے لیے بے روزگاری الاوٴنس دیتا ہے۔اس کے علاوہ یہ نجی اسکولوں میں پڑھانے والے سعودی مرد وخواتین کو ان کی نصف تن خواہیں بھی ادا کررہا ہے۔