امریکہ نے ایف 16طیارے روکے تو کہیں اور سے بھی خرید سکتے ہیں، ڈاکٹر شکیل آفریدی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے‘ مشرق وسطی میں آگ لگا کر مغرب خود کو محفوظ نہ سمجھے‘افغانستان میں امن کی بحالی کے بھرپور حامی ہیں، پاکستان میں ہر قسم کے طالبان امن کے دشمن ہیں‘ ہمارے لئے سب برے ہیں‘وزیردفاع خواجہ محمد آصف کی میڈیا سے بات چیت

پیر 16 مئی 2016 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مئی۔2016ء) وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایف 16طیارے روکے تو کہیں اور سے بھی لڑاکا طیارے خرید سکتے ہیں، ڈاکٹر شکیل آفریدی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،مشرق وسطی میں آگ لگا کر مغرب اپنے آپ کو محفوظ نہ سمجھے،افغانستان میں امن کی بحالی کے بھرپور حامی ہیں، پاکستان میں ہر قسم کے طالبان امن کے دشمن ہیں، ہمارے لئے سب برے ہیں۔

وہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن مجموعی تعلقات بہتر ہیں، پاکستان کو چند ایف 16 طیارے نہ دینا زیادتی ہے،ایف 16طیارے روکنا آپریشن ضرب عضب کو متاثر کرے گا، اپنے دفاع کیلئے دوسرے ملک سے بھی سازوسامان حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف 16طیاروں کو رکوانے کیلئے بھارتی لابی پاکستان کے خلاف کام کر رہی ہے، ایف 16 طیاروں کی فراہمی پر امریکی انتظامیہ کو کوئی اعتراض نہیں، مسئلہ امریکی کانگریس کی طرف سے کھڑا کیا جا رہا ہے، امریکہ نے ایف 16طیارے روکے تو کہیں اور سے بھی لڑاکا طیارے خرید سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، شکیل آفریدی پاکستان میں کئی جرائم میں ملوث رہا ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک سمیت تمام طالبان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے، پاکستان افغان مہاجرین کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے،آئی ڈی پیز کی گھروں کو باعزت واپسی کا عمل بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کیلئے ضروری ہے، افغانستان میں امن کی بحالی کے بھرپور حامی ہیں، عالمی سطح پر بھی مہاجرین کا مسئلہ اہم ہے، مہاجرین کے مسئلے کا حل غیر ملکی مداخلت کو بند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر قسم کے طالبان امن کے دشمن ہیں ہمارے لئے سب برے ہیں، اسرائیل کی تخلیق کا ذمہ دار مغرب ہے، مشرق وسطیٰ میں آگ لگا کر مغرب اپنے آپ کو محفوظ نہ سمجھے