سی ڈی اے اسلام آباد اور گردونوا ح میں تاریخی مقامات کی تزین وآرائش کرے گا

پھروالا قلعہ، روات قلعہ، سیدپور گاؤں کی پرانی عمارتیں،بدھ مت کا مراقبہ مرکز شامل

پیر 16 مئی 2016 16:20

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے) اسلام آباد اور گردونوا ح میں مغل، سکندر اعظم اور دیگر ادوار کے تاریخی مقامات کی تزین وآرائش کرے گا، اس حوالے سے سی ڈی اے سروے کرے گا اور اس کی رپورٹ ممبر ماحولیات کو پیش کی جائے گی۔ سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء ا للہ امان نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ چےئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر وفاقی ترقیاتی ادارہ نے اسلام آباد میں مغل دور، سکندر اعظم کے وقت اور دیگر ادوار تاریخی مقامات کی تزین وآرائش کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہری ان تاریحی مقامات کی تاریخ سے روشناس ہوسکیں۔

ان تاریخی مقامات کے حوالے سے سی ڈی اے کی آرکیالوجی اور ٹورزم ڈیپارٹمنٹ سروے کرے گا جس کی رپورٹ وہ ممبر ماحولیات کو پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور گردنواح میں ماہرین آثار قدیمہ نے کئی تاریخی مقامات کی نشاندہی کی ہے ان میں مغلیہ دور کے کئی مقامات کے علاوہ سکندراعظم اور دیگر ادوار کی نشانیاں اور یادگاریں موجود تھیں جن کا ماہرین آثار قدیمہ نے سراغ لگایا ہے۔

تاہم سی ڈی اے نے اب فیصلہ کیا ہے ایسے مقامات کا پتہ چلا کر ان کی تزئین وآرائش کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو دارلحکومت کی طرف متوجہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت بین الاقوامی سفارتی مرکز ہونے کی وجہ سے پہلے ہی بہت اہمیت کا حامل ہے۔مزید آثار قدیمہ کی دریافت اور تزئین وآرائش سے شہر کی بین الاقوامی اہمیت دو چند ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد آثار قدیمہ میں پھروالا قلعہ، روات قلعہ، سیدپور گاؤں کی پرانی عمارتیں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں اسلام آباد کے سیکٹر جی 12میں بدھ مت کے پیروکاروں کے مراقبہ (میڈیٹیشن) کے مرکز کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :