ٹیوٹا رواں سال کے دوران15ہزار نوجوانوں کو چینی زبان کورس سیکھائے گی ‘ عرفان قیصر شیخ

پیر 16 مئی 2016 13:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مئی۔2016ء) ٹیوٹا رواں سال کے دوران15ہزار نوجوانوں کو چینی زبان کورس سیکھائے گی ،ٹیوٹا نے چینی زبان کورس میں لوگوں کی دلچسپی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسے صوبہ کے دیگر شہروں میں شروع کردیا ہے، اس وقت چینی زبان کورس گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ لاہور، گوجرانوالہ، گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ ، فیصل آباد، ملتان، راوالپنڈی، گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج فیصل آباد،گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین ٹاؤن شپ اور گجرپورہ لاہورمیں شروع کیا جا چکاہے ۔

ان خیالات کا اظہار چےئرپرسن عرفان قیصر شیخ نے چینی زبان کورس کی کلاسز کے حوالے سے جائزہ کاراجلاس میں کیا ۔چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ دوسرے شہروں میں بھی چینی زبان کورس کے آغاز کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ سے نوجوان رابطہ کر رہے ہیں۔ اب اس کورس کو مزید دیگر شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔

یہ کورس ان نوجوانوں کے لئے مدد گار ثابت ہو گا جو پاکستان میں چینی کمپنیوں اور چین میں نوکریوں کے مواقع حاصل کرنا چاہتے ہیں۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہا کہ چینی زبان پر عبور حاصل کرنے پر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی رکاوٹوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔اس کورس میں داخلے کیلئے اہلیت میٹرک ہے ۔لینگویج کورسزکو شروع کرنے کا مقصد چینی مارکیٹ میں پاکستان کی تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت کو قابل اور زیادہ مقبول بنانا ہے ۔چین کا پاکستان کے ساتھ معاشی اور اقتصادی تعاون عوام کیلئے خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔