ایف آئی اے کی اسلام آباد اور لاہور میں کارروائیاں ‘پولیس کو مطلوب قتل کے 2 ملزمان، جعلی دستاویزات پر پاکستان آنے والے شخص اور انسانی اسمگلروں سمیت 8 ملزمان گرفتار

پیر 16 مئی 2016 12:59

اسلام آباد/ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مئی۔2016ء) ایف آئی اے اسلام آباد اور لاہور نے مختلف کارروائیوں کے دوران پنجاب پولیس کو مطلوب قتل کے دو ملزمان، جعلی دستاویزات پر پاکستان آنے والے شخص اور انسانی اسمگلروں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پیر کو ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کو انتہائی مطلوب قتل کے دو ملزمان ابوظہبی سے گرفتار کرلئے گئے ، دونوں ملزمان محمد علی نواز اور عمیر اعجاز کے ریڈوارنٹ جاری ہوئے تھے، دونوں ملزمان کو امیگریشن حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر حراست میں لے کر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔

بے نظیر ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے ایک اور کارروائی کے دوران فرانس سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرویز پی کے 770سے ایک مسافر کو گرفتار کرلیا گرفتار شخص غیرقانونی طریقے سے ترکی کے راستے فرانس گیا تھا، جاوید نامی شخص کو مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے لاہور نے گوجرانوالہ میں کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر اکرم شاہ کو گرفتار کرلیا، اکرم شاہ ایف آئی اے کو اسمگلنگ کے پانچ مقدمات میں مطلوب تھا۔

ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل لاہور نے اوکاڑہ، نارووال اور لاہور میں کارروائیوں کے دوران 3اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا جن میں محمد بشیر،محمد شکیل اور عامر عبداللہ شامل ہیں۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ نے ایک اور کارروائی کے دوران آصف ولد محمد اقبال نامی انسانی اسمگلر کو گوجرانوالہ میں سیالکوٹ روڈ پر کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا، ملزم ایف آئی اے کو انسانی اسمگلنگ کے چار مختلف مقدمات میں مطلوبہ تھا۔