لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ مال کو زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی سے روک دیا

پنجاب حکومت کو نوٹس جاری‘ جواب طلب ‘ سماعت 20 جولائی تک ملتوی

پیر 16 مئی 2016 12:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ مال کو زرعی آمدن پر ٹیکس کی وصولی سے روک دیا۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار زمینداروں کے وکیل منصور الرحمان نے موقف اختیار کیاکہ زمینداروں پر ایک آرڈیننس کے ذریعے زرعی آمدن ٹیکس کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

آئین میں زرعی آمدن ٹیکس کا کوئی ذکر نہیں۔ زمیندار پہلے ہی ٹیکسوں میں پسے ہوئے ہیں ان پر مزید کی وصولی غیرقانونی ہے۔درخواست گزار زمین داروں نے استدعا کی کہ زمیندار پہلے سے ٹیکس ادا کرر ہے ہیں۔ زرعی زمین پر ٹیکس وصول نہیں کیا جا سکتا۔ ہائیکورٹ نے محکمہ مال کو زرعی آمدن ٹیکس کی وصولی سے روکتے ہوئے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیے۔ درخواستوں پر مزید سماعت بیس جولائی کو ہو گی۔