ایمان کی حد تک یقین ہے کہ اب پاکستان کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے‘پاکستان میں بدعنوانی نہیں چل سکتی‘پاکستان کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کیلئے حکومت سنجیدہ ہے‘حکومت نوجوانوں کو بامقصد تعلیم کے ذریعے انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے‘ماضی میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کوتاہی سے انتہاپسندی اور شدت پسندی کو فروغ ملا‘ماضی میں بجلی کی پیداوار سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے نہ بنا کر مجرمانہ غفلت برتی گئی

صدر مملکت ممنون حسین کا گورنر ہاوٴس کراچی میں نیو ٹیک کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب

اتوار 15 مئی 2016 12:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ماضی میں بجلی کی پیداوار سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے نہ بنا کر مجرمانہ غفلت برتی گئی لیکن اب ایمان کی حد تک یقین ہے کہ اب پاکستان کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے۔پاکستان میں اب بدعنوانی نہیں چل سکتی۔صدر مملکت نے یہ بات گورنر ہاوٴس کراچی میں نیو ٹیک کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خاں اور نیو ٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جن کے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کے لیے حکومت سنجیدہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو بامقصد تعلیم کے ذریعے انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کوتاہی ہوئی جس سے انتہاپسندی اور شدت پسندی کو فروغ ملا۔ صدر مملکت نے کہا کہ جن قوموں نے اپنی افرادی قوت کا درست استعمال کیا وہ کامیاب ہوئیں ، اس سلسلے میں نیوٹیک کا ادارہ نوجوانوں کو مختلف ہنر سے آراستہ کر کے نہ صرف معاشرے کا فعال رکن بنا رہا ہے بلکہ وہ اس قابل بھی ہوجائیں گے کہ اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔

صدر مملکت نے نیو ٹیک کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے صنعت و تجارت کے مختلف شعبوں کی ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔ انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد صنعت و حرفت کے مختلف شعبوں میں تجربہ کار ہنرمند افراد کی ضرورت ہوگی جس کے لیے نوجوانوں کو تیاری کرنی چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جو نوجوان بیرون ملک جاکر خدمات ادا کرنے کے خواہش مند ہیں ان کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے نیو یک کو بیرون ملک افراد کار کی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر تربیت دینی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نیو ٹیک ملازمتوں کے مواقع کے بارے میں رہنمائی کا بندوبست کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رہنمائی کے ان مراکز کو ضلعی سطح تک وسعت دینی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں اعزازات بھی تقسیم کیے۔