عوامی رکشہ یونین کے عہدیداران کی خواجہ احمد حسان سے ملاقات

صرف ٹریفک پولیس کو ہی ہمارے چالان کرنے کی اجازت دی جائے،مطالبہ

ہفتہ 14 مئی 2016 22:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مئی۔2016ء) عوامی رکشہ یونین کے عہدیداران نے ایوان وزیر اعلیٰ میں چیئرمین مجید غوری کی قیادت میں خواجہ احمد حسان سے ملاقات کی ۔مجید غوری نے خواجہ احمد حسان کو رکشہ ڈرائیوروں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایل ٹی سی اور ٹریفک پولیس دونوں محکمے ہمارا چالان کرتے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ صرف ٹریفک پولیس کو ہی ہمارے چالان کرنے کی اجازت دی جائے۔

پورے شہر میں پرچی کے نام پر بھتہ خوروں کا راج ہے ہماری ان سے جان چھڑائی جائے ۔ کیونکہ وزیر اعلیٰ نے ہماری پرچی معاف تو کی ہوئی لیکن اس پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے ہماری کمائی کا آدھا حصہ پرچی مافیہ لے جاتا ہے۔مجید غوری نے خواجہ حسان کو بتایا کہ رکشہ ڈرائیوروں کے بچے تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن وسائل کی کمی کی وجہ سے محروم رہ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

رکشہ ڈرائیور صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں۔عوامی رکشہ یونین کے صدر حافظ مظہر جیلانی،حاجی رفاقت، عزیز عباسی، حافظ نعمان رشید، ذیشان اکمل نے بھی خواجہ حسان کو مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں، ریلوے سٹیشن، لاری اڈوں،بڑی مارکیٹوں، تفریح گاہوں،ہاوئسنگ سو سائٹیوں میں بھی رکشہ ڈرائیوروں سے پرچی لی جاتی ہے۔عوامی رکشہ یونین کے وفد نے خواجہ حسان کو یقین دلایا کہ عوامی رکشہ یونین نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے اور دوسروں کو بھی قانون کا پابند بنانے کیلئے آگاہی مہم بھی چلائی ہے۔

اگرحکومت رکشہ ڈرائیوروں کی بھلائی کیلئے اقدامات کرے گی تو عوامی رکشہ یونین حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی۔خواجہ احمد حسان نے عوامی رکشہ یونین کے مسائل اور مطالبات کو غور سے سنا اور ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :