سیاست کے کھلاڑی کرکٹ کے میدان میں بھی آمنے سامنے

'پنجاب اور کے پی اسمبلیوں کے اراکین کا ٹی ٹونٹی میچ 17 مئی کو ہو گا

ہفتہ 14 مئی 2016 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مئی۔2016ء) سیاست میں کھیل تو چلتے ہی رہتے ہیں لیکن ملکی تاریخ میں پہلی بار کھیل میں سیاست داخل ہونے جا رہی ہے۔ 17 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے اراکین کے درمیان بیس اوورز پر مشتمل دوستانہ میچ کھیلا جائے گا۔ خیبر پختونخوا کی ٹیم پی کے ٹو سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی شوکت یوسف زئی کی قیادت میں ارباب نیاز اسٹیڈیم میں پریکٹس میں مصروف ہے۔

میچ کا مقصد صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔کے پی اسمبلی کی ٹیم میں وزیر کھیل و ثقافت محمود خان، پبلک ہیلتھ کے وزیر شاہ فرمان، وزیر مال علی امین گنڈا پور، وزیر اعلیٰ کے مشیر ڈاکٹر امجد، اشتیاق ارمڑ، محب اللہ خان اور ارکان اسمبلی محمد علی، خلیق، محمد رشاد خان، محمود جان، گل صاحب خان، ضیاء اللہ بنگش، شاہ فیصل اور شاہ حسین خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حتمی ٹیم کا اعلان 16 مئی کو کیا جائیگا۔ اراکین اسمبلی نے اس میچ کو ایک خوشگوار تجربہ قرار دیا ہے۔پی کے 8 کے ضمنی انتخابات میں تو خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت تحریک انصاف کلین بولڈ ہو گئیم،اب دیکھنا یہ ہے کہ پنجاب جا کر یہ ٹیم چوکے چھکے لگانے میں کامیاب رہتی ہے یا وہاں بھی ن لیگ کی ٹیم اسے پویلین کی راہ دکھا دیتی ہے۔ ۔

متعلقہ عنوان :