سیاسی اور معاشی حالات انتہائی گھمبیر ہوتے جارہے ہیں ،حکومت اور جمہوری قوتوں کے لیے مشکلات بڑھتی جارہی ہیں‘ لیاقت بلوچ

کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ قومی سلامتی کیلئے خطرناک ہے ، واضح شواہد کے بعد حکومتی وزراء ہاری ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں‘ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 14 مئی 2016 20:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملک کے سیاسی اور معاشی حالات انتہائی گھمبیر ہوتے جارہے ہیں ،حکومت اور جمہوری قوتوں کے لیے دن بدن مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ،کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہے ، واضح شواہد کے بعد حکومتی وزراء ہاری ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

منصورہ میں اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے عملاً حکومتی ٹی او آرز مسترد کر دیے ہیں لیکن اب اس کا یہ نتیجہ نہیں نکل سکتا کہ پانامہ لیکس ، دبئی پراپرٹی لیکس اور ملک بھر میں کرپشن کے میگاسیکنڈلز دفنا دیے جائیں ۔ ملک میں جاری بحران تقاضا کرتاہے کہ عالمی کمیشن تشکیل دینے کے لیے حکومت اب ہمت کرے اور اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ ٹی او آرز تسلیم کرے ، دوسری صورت میں حکومت اور اپوزیشن مذاکرات صرف ٹی او آرز پر شروع کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

حکومت موثر اور بانتیجہ عدالتی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق قانون سازی کرے ۔ احتساب صرف وزیراعظم اور ان کے خاندان کا ہی نہیں تمام کرپٹ عناصر اور خاندانوں کا کیا جائے۔نیب پانامہ پیپرز اور دبئی پراپرٹی لیکس میں موجود ناموں کی فہرست اور نیب میں زیر التواء میگاسکینڈلز کی باقاعدہ فہرست سپریم کورٹ کو مہیاکرے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کی ملک بھر میں کرپشن فری پاکستان تحریک جاری ہے ۔ ہمارا نعرہ ہے کہ احتساب سب کا اور بلاامتیاز ہو، عوام اور کرپٹ عناصر کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔