سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کا سرگنگارام ہسپتال کا اچانک دورہ

غیر حاضر ڈی ایم ایس آؤٹ ڈور معطل، آرتھوپیڈک وارڈ میں اے سی خراب، صفائی کے ناقص انتظام پر ایم ایس سے جواب طلبی

ہفتہ 14 مئی 2016 19:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مئی۔2016ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ نے ہفتہ کے دن دوپہر12-30بجے سرگنگارام ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔سیکرٹری ہیلتھ نے ہسپتال کے آؤٹ ڈور کے دورہ کے دوران غیرحاضری پر ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عاطف حنیف کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

سیکرٹری ہیلتھ نے سرجیکل آؤٹ ڈور اور یورالوجی آؤٹ ڈور میں ڈاکٹروں کی غیرحاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام غیر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میڈیکل آؤٹ ڈور میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کو شاباش بھی دی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ (ایڈمن) راجہ منصور بھی ان کے ہمراہ تھے۔نجم احمد شاہ نے آرتھوپیڈک وارڈ کا بھی دورہ کیا اور وارڈ کے ایئرکنڈیشنرز خراب ہونے اور صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایم ایس رپیئراینڈ مینٹیننس ڈاکٹر خالدبن اسلم کو فوری طور پرانتظامی بنیادوں پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان ٹرانسفر کرنے کے احکامات جاری کئے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہیلتھ کی آمد کی خبر ہونے پر ایم ایس ڈاکٹر نعمان مطلوب بھی وہاں پہنچ گئے۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ اگر آؤٹ ڈور میں چند ڈاکٹرز ڈیوٹی پر موجود ہوسکتے ہیں تو باقی ڈاکٹرز مقررہ وقت تک ڈیوٹی سرانجام کیو ں نہیں دیتے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ آؤٹ ڈور کا وقت 2بجے تک مقرر ہے تو تمام ڈاکٹرز وقت کی پابندی کریں۔ سیکرٹری صحت نے اپنے دورہ کے موقع پر ڈی ایم ایس آؤٹ ڈور کے علاوہ سینئرز ڈاکٹرز کی عدم دستیابی، یورالوجی آؤٹ ڈور میں کسی ڈاکٹر کے موجود نہ ہونے ، گائنی کے شعبہ میں سینئر رجسٹرار ڈاکٹر حنا کے غیر حاضر ہونے ، ایکسرے روم میں سٹاف کی غیر حاضری ، ای سی جی ٹیکنیشن زاہد کی جانب سے مریضوں سے پیسے مانگنے کی شکایت اور صفائی کی ناقص صورتحال پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نعمان مطلوب سے بھی جواب طلبی کرلی ہے۔

انہیں کہا گیا ہے کہ وہ تین دن کے اندر مذکورہ معاملات کے بارے میں اپنی پوزیشن واضح کریں ورنہ ان کے خلاف بھی پیڈا ایکٹ 2006کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔