راجہ اشفاق سرور کی قیادت میں راولپنڈی میں گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونیوالے بچے طلحہ کی رہائش گاہ آمد

وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف کی طرف سے اس افسوسناک سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار

ہفتہ 14 مئی 2016 19:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مئی۔2016ء) وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب راجہ اشفاق سرور ، سابق اراکین قومی اسمبلی حاجی پرویز خان، ملک شکیل اعوان ، رکن پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ، پاکستان مسلم لیگ (ن) میٹرو پولیٹن کے صدر سردار نسیم کے ہمراہ سید پوری گیٹ ،محلہ بنی ،راولپنڈی میں گذشتہ روز گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونے والے تیرہ سالہ بچے طلحہ کی رہائش گاہ پر گئے اور انہوں نے بچے کے والد محمد علی اور اہل خانہ سے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے اس افسوسناک سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفر اقبال، یاسر بٹ ، ملک عقیل شوکت، مرزا منصور بیگ ، شیخ ارشد، یامین کیانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ جن کا معصوم بچہ پتنگ بازی کی نذر ہوا اس کے اہل خانہ کے دکھ وکرب کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور انہیں مکمل احساس ہے اور وہ غم کی اس گھڑی میں ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے ناسور پر پنجاب میں مکمل پابندی عائد ہے اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پتنگ بازوں اور پتنگ بازی کے سامان اور فروخت کے خلاف سختی سے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تفریح کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے معصوم جانوں کو خطرہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پتنگ بازی سے دوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والوں کو سخت سزائیں دینے کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ انسانی زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ عناصر خدا کا خوف کریں جواپنے شوق اور تفریح کی خاطر معصوم انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنان نے بھی غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔