مسلمان رفاہی میدان میں پیچھے رہیں گے تو مغربی این جی اوز کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا“ ضرورت مندوں کی خدمت کا درس رسول اکرم نے دیا ہے ‘ بلوچستان، سندھ و دیگر علاقوں میں جاری رفاہی سرگرمیوں سے پاکستان کیخلاف بیرونی سازشیں دم توڑ رہی ہیں

امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کامرکزخیبر نشاط آباد میں الحمد میڈیکل کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 14 مئی 2016 19:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مئی۔2016ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمان رفاہی میدان میں پیچھے رہیں گے تو مغربی این جی اوز کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا‘ ضرورت مندوں کی خدمت کا درس رسول اکرم نے دیا ہے‘ جماعة الدعوة ملک بھر میں رفاہِ عامہ کے لیے نچلی سطح تک منظم نیٹ ورک تشکیل دے رہی ہے‘اس وقت جماعة الدعوة کے تحت 7ہسپتال کام کر رہے ہیں ‘ بلوچستان، سندھ و دیگر علاقوں میں جاری رفاہی سرگرمیوں سے پاکستان کیخلاف بیرونی سازشیں دم توڑ رہی ہیں ۔

فیصل آباد کے باسیوں کے لئے الحمد میڈیکل کمپلیکس ایک تحفہ ہے جس میں اچھا اور معیاری علاج کیا جائے گا۔میڈیکل کمپلیکس میں ضلع بھر کے غریب مریضوں کومفت سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو مرکزخیبر نشاط آباد میں الحمد میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیرحمزہ ، جماعة الدعوة فیصل آبادکے مسئول فیاض احمداور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن فیصل آباد کے انچارج ڈاکٹر ظفر اقبال سمیت شہربھر کی معزز اور میڈیکل فیلڈ سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعدادمیں شرکت کی ۔

جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعیدنے کہاکہ اسلام دشمن این جی اوز خدمت کی آڑ میں وطن عزیزپاکستان میں اپنے نظریات کی ترویج کررہی ہیں ۔ہمیں متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ جماعةالدعوة رنگ ونسل اور مذاہب کی تمیز کے بغیردکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے۔ ہمارا اولین مقصد فیصل آباد کی عوام کو سستا اور معیاری علاج فراہم کرنا ہے ۔

میڈیکل کمپلیکس میں خواتین کے لئے علیحدہ سے شعبہ جات ،ان کیلئے لیڈی ڈاکٹرز اورخواتین پیرامیڈیکل سٹاف کا انتظام کیاگیاہے تاکہ باپردہ مریض خواتین کو علاج کرواتے ہوئے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں الحمد میڈیکل کمپلیکس کا قیام جماعة الدعوة کاخدمت انسانیت پر یقین کاثبوت ہے ۔اس کے قیام کا مقصد اسلام کی صحیح تصویر عوام الناس کے سامنے پیش کرنا ہے۔

جماعة الدعوة کی کوشش ہے کہ مساجد ومدارس کے ساتھ میڈیکل کمپلیکس قائم کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اس کے نظریات کی حفاظت کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔دین دار طبقے کا میڈیکل کے شعبے میں کردار اداکرنا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ سیرت نبوی میں ہمیں خدمت انسانیت کا درس ملتا ہے ۔حافظ محمدسعید نے کہا کہ جماعة الدعوة آفت زدہ علاقوں میں پچھلے کئی برسوں سے کام کررہی ہے لیکن بیرونی قوتوں کو جماعة الدعوة کا ریلیف کا یہ کام بھی ہضم نہیں ہورہا۔

خدمت خلق کی وجہ سے آج صوبائیت کی بنیادپر بننے والی تحریکیں دم توڑ رہی ہیں ۔اس موقع پر ڈاکٹرظفراقبال چیمہ نے الحمد میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ جات کاتعارف کرواتے ہوئے کہاکہ اس میں آؤٹ ڈور،میڈیکل لیب ،24گھنٹے ایمرجنسی سروس، ابتدائی طبی امداد،سرجری ،جلد،الٹراساؤنڈ ،فزیوتھراپی ،گائنی،ایمبولینس سروس اور دیگر شعبہ جات قائم کئے گئے ہیں۔ میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹر نعیم اشرف (یورالوجسٹ )،ڈاکٹر عمران (چلڈرن اسپیشلسٹ )،ڈاکٹر جاوید اقبال(آئی اسپیشلسٹ) ،ڈاکٹر ناصر ،ڈاکٹر عنبر عمران (گائناکالوجسٹ )،ڈاکٹر طاہرہ یاسمین (الٹراساؤنڈ اسپیشلسٹ)اور دیگر میڈکل سٹاف خدمات انجام دیں گے ۔