امریکہ کا خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ

ہفتہ 14 مئی 2016 16:46

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مئی۔2016ء) امریکہ نے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کی وجہ سے ہماری فوج آج تک افغانستان میں موجود ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات امریکہ کے لئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ہمارے خطرات، خدشات اورخطے میں مفادات مشترکہ ہیں اور ہم ان کے حصول کے لئے مل کر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورافغانستان کو بد ستور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کا سامنا ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے میں مدد دینے کیلئے امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔

(جاری ہے)

جان کربی نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے رابطہ میں ہیں اور امریکا دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کیساتھ تعلقات میں کشیدگی نہیں چاہتا اور ہم طورخم بارڈر کو امدو رفت کے لیے کھلا دیکھنا چاہتے ہیں۔

جان کربی نے کہاکہ پاکستان اورافغانستان کو دہشت گرد نیٹ ورک کے خطرے کا سامناہے، دہشت گرد آج بھی دونوں ممالک کو محفوظ پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، دہشت گرد گروپوں کی وجہ سے ہی افغانستان میں امریکی فوج آج تک موجود ہے۔دہشت گردی افغانستان اور پاکستان کے عوام کی مشترکہ دشمن ہے اور دونوں ملک تعاون اور باہمی رابطوں کے ساتھ اس کے خاتمے کے لئے کام کررہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ان رابطوں اور تعاون میں تسلسل قائم رہے اور مزید بہتر ہو۔

متعلقہ عنوان :