ارباب وسیم حیات کی شاندار کامیابی عوام کا حکومتی پالیسیوں پر کھلا اعتماد ہے،سردار شفقت حیات بلوچ

ہفتہ 14 مئی 2016 14:40

سلانوالی۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مئی۔2016ء)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سردار شفقت حیات خان بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان مسلم لیگ( ن) کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کا واضح ثبوت پی کے 8 پشاور کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ( ن) کے ارباب وسیم حیات کی شاندار کامیابی ہے، مسلم لیگ( ن) کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ارباب وسیم حیات کی شاندار کامیابی دراصل عوام کا حکومتی پالیسیوں پر کھلا اعتماد ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ نیا خیبر پختونخوا کا کھوکھلا نعرہ عوام مسترد کر چکے ہیں، باشعور عوام قومی ترقی وخوشحالی کے لیے پاکستان مسلم لیگ( ن) کی پالیسیوں کو سپورٹ کر رہے ہیں، اپوزیشن جتنی چاہے سازشیں کر لے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی، چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کا اپوزیشن کا خواب پورا نہیں ہو گا ۔