وزیراعلیٰ پنجاب سے آئی سی سی کے صدر کی ملاقات،کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز بنانے کے پروگرام پر تبادلہ خیال

ہفتہ 14 مئی 2016 13:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے صدر ظہیر عباس نے ملاقات کی جس میں کرکٹ کے فروغ اور کرکٹ گراؤنڈز بنانے کے پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے۔

پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اوراس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے مربوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کرکٹ کے میدان میں پاکستان ایک بار پھر نمایاں مقام حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کرکٹ گراؤنڈز بنانے کے پروگرام پر کام کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر کرکٹ کی 8 گراؤنڈز بنانے پر کام شروع ہو چکا ہے جبکہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ہر ضلع میں کرکٹ گراؤنڈز بنائی جائیں گی جس سے کرکٹ کے کھیل کو فروغ ملے گا اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے کرکٹرز نے کئی مواقع پر عالمی سطح پر ملک وقوم کانام روشن کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے اقدامات جاری رہنے چاہئیں اور پنجاب حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل معاشرے میں نظم و ضبط کو فروغ دینے کے ساتھ ٹینشن میں کمی کا باعث بنتے ہیں اور جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیل کو صرف کھیل کے طورپر ہی لینا چاہیے اور کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کی اصل روح سپورٹس مین سپرٹ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت آئندہ بھی کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔

آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈز بنانے کا اقدام خوش آئند ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے اس اقدام سے کرکٹ کا نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ ہم اس ضمن میں پنجاب حکومت کیساتھ کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے ہرممکن تعاون کرینگے۔

متعلقہ عنوان :