اسلام آباد کی مقامی عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں ملزم پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 14 مئی 2016 11:23

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں ملزم پرویز ..

اسلام آباد (ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14مئی۔2016ء) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں ملزم پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آئندہ سماعت پر سنایا جائے گا۔اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن نے غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت کی۔ سابق صدر پرویز مشرف کے ضامن نذیر احمد اور جان محمد عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالتی حکم پر دونوں ضمانتیوں نے شوکاز نوٹسز پر جواب جمع کرایا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے ملزم پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی کوشش کی، تعمیلی ٹیم فارم ہاوس اسلام آباد اور کراچی میں سابق صدر کی رہائش گاہ پر بھی گئی، کوشش کے باوجود پرویز مشرف کو تلاش نہیں کرسکے۔رپورٹ ہے کہ پرویز مشرف بیرون ملک چلے گئے، مدعی مقدمہ کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ملزم پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا جائے جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو17 مئی کو سنایا جائے گا۔