پنجاب حکومت نے آئی ٹی انڈسٹری کے لئے مثالی اقدامات کیے ہیں‘ڈاکٹر عمر سیف

پنجاب نے انٹرنیٹ اورآئی ٹی کی مصنوعات کی برآمد پرتمام ٹیکس معاف کر دیے ، پانچ سال میں آئی ٹی کی برآمدات کا حجم تین ارب سے بڑھا کر دس ارب ڈالرتک لے جائیں گے

جمعہ 13 مئی 2016 22:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء ) پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کو مضبوط بنانے کے لئے ملک بھر میں سب سے بہتر اقدامات کیے ہیں۔ وہ گذشتہ روز ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں آئی ٹی پرمنعقدہ دوسری گول میزکانفرنس کی صدارت کر رہے تھے جس کا انعقادپی آئی ٹی بی کے پروگرام ’ٹیک ہب کنکٹ‘ نے کیا تھا۔

گول میز کانفرنس میں ملک بھر سے آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ اہم شخصیات کے علاوہ پنجاب ریونیو اتھارٹی،پاکستان کی وزارتِ خارجہ ا ور وزارتِ تجارت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ حکومت ِ پنجاب نے ملک بھر میں انٹرنیٹ پر 20فیصد ٹیکس کی چھوٹ دیکر مثال قائم کی ہے نیز آئی ٹی کی مصنوعات کی برآمدات پر بھی عائدٹیکس ہٹا دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کو مزید مستحکم کرنے، اس کے مسائل حل کرنے اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے ”ڈیجیٹل پنجاب مہم“ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزارتِ تجارت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈیجیٹل پنجاب مہم کو سفارتخانوں کے کمرشل اتاشیوں کے ذریعے بیرونی ممالک میں بھی بھر پور انداز میں چلایا جائے گا۔

ڈاکٹر عمرسیف نے کہا کہ ہم نے آئی ٹی انڈسٹری کی آمدنی پر عائد8فیصد ٹیکس کو کم کر کے دو فیصد کی شرح پر لانے کی تجویز دی ہے جسے منظور کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پنجاب مہم کی کامیابی کے لئے باقاعدہ پنجاب آئی سی ٹی پالیسی مرتب کی جارہی ہے جو آئی ٹی اندسٹری کے ٹیکس، عالمی منڈیوں میں رسائی، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور انسانی وسائل کی تربیت و ترقی سے متعلق امور کا احاطہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پنجاب حکومت میں ای۔گورننس کے فروغ اور ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد کو معاونت فراہم کرنے میں بھی اہم کردار اداکرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشا ء اللہ آئندہ پانچ سال میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کا حجم تین ارب ڈالر سے بڑھا کردس ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔قبل ازیں پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن(P@ASHA) کی صدرمحترمہ جہاں آرا ء نے آئی ٹی انڈسٹری کے لئے کی جانے والی پنجاب اور پی آئی ٹی بی کی قیادت کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پنجاب مہم صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ دیگر صوبوں اور ملک بھر کی آئی ٹی اندسٹری کے لئے معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دراصل یہ عظیم ڈیجیٹل پاکستان کے حصول کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گول میز کانفرنس کے شرکا ء نے بھی اس اقدام کو بھر پور پر پذیرائی بخشی ہے اورپنجاب میں آئی ٹی کے شعبے کے لئے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ مبذول کرانے میں کافی مدد گارثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :