وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے بلوچستان مائنز اونرز ایسوسی ایشن اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کے وفد کی ملاقات

جمعہ 13 مئی 2016 22:32

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء ) ٌ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے بلوچستان مائنز اونرز ایسوسی ایشن اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کے وفد نے میر شاہنواز کرد کی قیادت میں جمعہ کے روز ملاقات کی، صوبائی وزیر میر مجیب الرحمان محمد حسنی، صوبائی مشیران محمد خان لہڑی، سردار در محمد ناصر، عبیداللہ جان بابت، رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد صالح بھوتانی، سینیٹر آغا شہباز درانی، سیکریٹری معدنیات ڈاکٹر سعید احمد جمالی اور ڈی جی معدنیات بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد نے وزیراعلیٰ کو کوئلہ اور معدنیات پر عائد رائلٹی میں کئے جانے والے حالیہ اضافے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے اس پر نظرثانی کی درخواست کی، ان کا کہنا تھا کہ کوئلہ کی صنعت پہلے ہی سے مشکلات کا شکار ہے، رائلٹی میں اضافے سے یہ صنعت مزید مسائل سے دوچار ہو جائے گی، جس سے اس صنعت سے وابستہ ہزاروں افراد کا روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے، وفد نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ بلوچستان میں کانکنی کے شعبہ پر عائد سیلز ٹیکس میں خصوصی رعایت کے لیے صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرے، وفد نے وزیراعلیٰ نے کانکنی کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور بنیادی ڈھانچہ کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی درخواست بھی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے نہایت توجہ سے وفد کی گذارشات کو سنا اور محکمہ معدنیات کو مائنز اونرز کی مشاورت سے رائلٹی میں کمی کے لیے سفارشات مرتب کر کے سمری کی شکل میں انہیں بھجوانے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت کانکنی کی صنعت کی ترقی اور اسے درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کرے گی اور اس صنعت کو خصوصی مراعات بھی دی جائیں گی جبکہ کانکنی کے شعبہ پر عائد سیلز ٹیکس کی کمی کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ بھی کیا جائیگا۔ وفد نے ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :