” بیٹا رانگ نمبر نہیں بلکہ رائٹ نمبر تھا“

شہباز شریف کا امانت سکیم کی قرعہ اندازی کے خوش نصیبوں سے دلچسپ مکالمہ

جمعہ 13 مئی 2016 22:17

” بیٹا رانگ نمبر نہیں بلکہ رائٹ نمبر تھا“

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور امانت سکیم کے تحت پہلی اور دوسری قرعہ اندازی کے خوش نصیبوں کے مابین دلچسپ مکالمہ ہوا -وزیر اعلی نے دوسری قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے والوں سے فون پر گفتگو کی اور انہیں مبارکباد دی- ٹیوٹا کرولا کار جیتنے والے عمر نامی شخص نے وزیر اعلی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ میری گاڑی نکل آئی ہے - جس پر شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی واقعی انعام میں کار نکلی ہے -جس پر عمر نے کہا کہ آپ کا بہت بہت شکریہ اور پوچھا کہ مجھے گاڑی کب ملے گی- وزیر اعلی نے کہا کہ آپ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے دفتر رابطہ کریں گاڑی مل جائے گی-سوزوکی مہران کار جیتنے والی خاتون نے وزیر اعلی کو بتایا کہ ہمیں یقین ہے کہ جو کام آپ کرتے ہیں وہ شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوتا ہے اسی لئے آج ہماری کار انعام میں نکلی ہے جو کہ بالکل شفاف طریقے سے ملی ہے - ہم آپ کے بہت شکر گزار ہیں -عمرے کے ٹکٹ جیتنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ میں شہباز شریف بول رہا ہوں - آپ کے عمرے کی ٹکٹ انعام میں نکلی ہیں -آپ عمرے کی سعادت حاصل کریں اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کریں - وزیر اعلی نے پہلی قرعہ اندازی کے خوش نصیبوں میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چابیاں اور عمرے کے ٹکٹ تقسیم کئے اور ان سے گفتگو بھی کی- اس موقع پر موٹر سائیکل جیتنے والے عامر رفیق کو موٹر سائیکل کی چابی دیتے ہوئے کہا کہ یہ میرے استاد ہیں اور مجھے جرمن زبان پڑھاتے تھے اور آج ان کا انعام نکلا ہے -جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں-سوزوکی مہران کار کی چابی وصول کرنے والی کرن مسعود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ گزشتہ ماہ جب آپ کو فون کیا تو آپ نے رانگ نمبر کہہ کرفون بند کر دیا تھا- لیکن بیٹا یہ رانگ نمبر نہیں تھا بلکہ رائٹ نمبر ہے جس پر کرن مسعود نے کہا کہ وزیر اعلی صاحب یہ واقعی رائٹ نمبر ہے کہ مجھے کار انعام میں ملی ہے - ہنڈا سٹی کار کا انعام وصول کرنے والے سلمان فرخ کا کہنا تھا کہ جب گزشتہ ماہ وزیر اعلی نے فون کیا تو اس وقت یقین نہیں آرہا تھا کہ میرے ساتھ کیا ہو گیا ہے - لیکن اب اس سکیم کی شفافیت کا پورا یقین ہے - میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ بھی ریسٹورنٹ سے پکی رسیدیں لیں اور انعامات جیتیں-ٹیوٹا کرولا کار کا انعام حاصل کرنے والے محمد حسین بھٹی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرح دیگر صوبے بھی اسی طرح کی سکیم کا آغاز کریں کیونکہ اس سے نہ صرف ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا بلکہ عوام کا حکومت پر اعتماد بھی بڑھے گا-آپ سب کو ایسے ریسٹورنٹ سے کھانا کھانا چاہیے جہاں یہ نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے-وزیر اعلی نے کہا کہ یہ ایک انتہائی شفاف نظام ہے جس کے ذریعے ٹیکس کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے -