ملک کے وسائل عوام کیلئے ہیں ،جنہیں نام نہاد حکمرانوں نے لوٹ کر بیرون ملک منتقل کیا، راجہ راشد حفیظ

جمعہ 13 مئی 2016 20:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ برسر اقتدار جماعت مسلم لیگ ن کی ساری فرنٹ اور سیکنڈ لائن قیادت اس وقت یک نکاتی ایجنڈے پر شریف فیملی کی کرپشن کو بچانے میں جتی ہوئی ہے ․ ن لیگی وزراء اور اراکین اسمبلی ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر اپنے شاہ سے وفاداری نبھا رہے ہیں اور وزیر اعظم کی گڈ بک میں آنے کیلئے رات دن جھوٹ بول بول کر ہر اس شخص پر دشنام طرازی کر رہے ہیں جو پانامہ لیکس پر شفاف تحقیقات کامطالبہ کرتا ہے ․ انہوں نے یہ بات لاہور سے بذریعہ ٹیلی فون پاکستان تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ برائے این اے 55 میں کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ملک کے وسائل عوام کیلئے ہیں جنہیں نام نہاد حکمرانوں نے لوٹ کر بیرون ملک منتقل کیا اور ان سے اپنی آف شور کمپنیاں بنا کر ایسٹ انڈیا کمپنی کو بھی مات دے دی ․ انہوں نے کہا کہ اس لوٹ مار اور کرپشن کو روکنا ایک بڑا جہاد ہے ․ تحریک انصاف اس جہاد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی ․ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا جو بھی لیڈر پانامہ لیکس کی شفاف تحقیق کا مطالبہ کرتا ہے اس کے خلاف ن لیگ کے ” وفاداران شاہ “ پورا دفتر کھول لیتے ہیں ․ وہ اپنی صفائی دینے کی بجائے اسے کہتے ہیں کہ تم نے فلاں وقت فلاں ٹھیلے سے چاول کھائے تھے اور اس کے ویٹر کو ٹپ نہیں دی تھی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ن لیگ والے عوام کے سامنے پوری طرح ایکسپوز ہو چکے ہیں جن کا احتساب لکھا جا چکا ہے اور وہ ہو کر رہے گا ․

متعلقہ عنوان :