حکومت پنجاب کوٹلی ستیاں میں بھی خصوصی رمضان بازار لگانے کا اہتمام کرے ،شاہد ریاض ستی

جمعہ 13 مئی 2016 20:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مئی۔2016ء) پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکریٹری اور مسلم لیگ ن کے راہنماء شاہد ریاض ستی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب دیگر شہروں کی طرح پسماندہ تحصیل کوٹلی ستیاں میں بھی خصوصی رمضان بازار لگانے کا اہتمام کرے جہاں عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خورد و نوش میسر ہو سکیں ․ نیز رمضان کے شروع ہونے سے پہلے ہر ضلع میں موجود تھوک آڑھتیوں اور ان کو اشیاء سپلائی کرنے والوں سے مذاکرات کرکے گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کا موثر سدباب کیا جائے ․ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پرچون فروشوں کو تھوک کے آڑھتیوں سے جس ریٹ پر اشیاء ملتی ہیں وہ اپنا منافع لگا کر فروخت کرتے ہیں ․ اگر حکومت ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کو متحرک کرے اور وہ پوری تندہی سے کام کریں تو تھوک مارکیٹ کو کنٹرول کرکے مہنگائی کا سدباب کیا جا سکتا ہے ․ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اس وقت حرکت میں آتی ہے جب تھوک مارکیٹ سے مہنگائی پرچون فروشوں تک پہنچ چکی ہوتی ہے اور پرچون فروشوں اور ٹھیلے والوں کو ایک آدھ دفعہ ہانک کر متعلقہ اہلکار اپنا فرض پورا کردیتے ہیں جس کے نتیجے میں پوری ہا ہا کار کے باوجود مہنگائی کنٹرول نہیں ہوتی اور پورا رمضان المبارک عوام گراں فروشوں کے آگے لٹتے رہتے ہیں․ انہوں نے کہا کہ اگر وقت پر مہم شروع کی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا جا سکے مگر اس کیلئے وزیر اعلی پنجاب اور دیگر حکومتی عہدیداروں کو بروقت فیصلہ کرنا ہوگا ․

متعلقہ عنوان :