مہمند ایجنسی، ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز میں 21 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ، ایف سی کے 418 ریکروٹس نے تربیت مکمل کرلی

ملک بھر سے جلد دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں گے، ترقیاتی عمل میں عوام اور عمائدین برھ چڑھ کر حصہ لیں، سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر محمد ضیاء الاسلام کا تقریب سے خطاب

جمعہ 13 مئی 2016 20:34

مہمند ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مئی۔2016ء ) مہمند ایجنسی، ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز میں 21 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ۔ فرنٹیئر کور کے 418 ریکروٹس نے تربیت مکمل کی۔ سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر محمد ضیاء الاسلام اور کمانڈنٹ مہمند رائفلز حافظ آصف اقبال نے پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی لی۔ پی اے مہمند سمیت انتظامی، سیکورٹی حکام اور عمائدین کی شرکت۔

مہمند ایجنسی میں امن تیزی سے قائم ہو رہا ہے۔ ملک بھر سے جلد دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں گے۔ ترقیاتی عمل میں عوام اور عمائدین برھ چڑھ کر حصہ لیں۔ بریگیڈیئر محمد ضیاء الاسلام کا تقریب سے خطاب کیا۔ تفصیلا ت کے مطابق مہمند ایجنسی میں جمعہ کے روز ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز میں فرنٹیئر کو رکے 418 ریکروٹس کی تربیت مکمل ہونے پر پاسنگ آؤٹ کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

جسمیں پاک فوج کے سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر محمد ضیاء الاسلام مہمان خصوصی اور کمانڈنٹ مہمند رائفلز کرنل حافظ آصف اقبال،مہمند ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ محمود اسلم وزیر ، ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عمیر، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر مہمند حسیب الرحمن خلیل، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ لوئر مہمند نوید اکبر، سیکورٹی فورسز حکام اور قبائلی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کی کمانڈ لیفٹیننٹ ابوذر نے کی۔ بریگیڈیئر محمد ضیاء الاسلام اور کمانڈنٹ مہمند رائفلز کرنل حافظ آصف اقبال نے پریڈ کا معائنہ کیا اور فرنٹیئر کور میں شامل ہونے والے نئے دستے سے حلف لینے کے بعد سلامی لی۔ تقریب میں ٹریننگ مکمل کرنے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس منصور خان وزیر، محمد حنیف، ضابط خان، عمران آفریدی، شمشیر خان، عاطف خان یوسفزئی، فراز خان خلیل مہمند، عزیز اللہ سواتی، طاہر اللہ، محمد وسیم سواتی کو اعزازی شیلڈز اور پانچ پانچ ہزار روہے انعام، نوید احمد خٹک کو آئی جی ایف سی چڑی اور دس ہزار روپے اور عبدالہادی مہمند کو اعزازی شمشیر اور 20 ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے۔

پاسنگ آؤٹ مکمل کرنے والے ریکروٹس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بریگیڈیئر ضیا ء الاسلام نے کہا کہ مہمند رائفلز ملک و قوم کی حفاظت میں نمایاں کارکردگی اور قربانیوں کے بدولت قیام امن میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مہمند رائفلز نے میدان جنگ میں شجاعت اور بہادری کی کثیر کارنامے انجام دیئے ہیں جس کے اعتراف میں حکومت پاکستان کے 2 ستارہ بسالت، 6 آرمی چیف اعزازات اور 13 دیگر امتیازات حاصل کر چکی ہے۔

گزشتہ کئی سال سے ملک کے بدلتے ہوئے حالات اور دہشت گردی کی لہر سے ملک و قوم کا جو نقصان ہوا ہے۔ پاک فوج، فرنٹیئر کور اور دیگر سیکورٹی ادارے ان پر تیزی سے قابو پا رہے ہیں۔ اور بہت جلد ملک بھر سے دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور کے نئے ریکروٹس امن و امان بحالی اور میدان جنگ دونوں میں اہم کردار ادا کر کے ملک و قوم کی خدمت کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔

حب الوطنی اور وطن کی حفاظت آپ کا اولین فریضہ ہے جس کیلئے آپ کا انتخاب کسی اعزاز سے کم نہیں جس پر ریکروٹس اور مہمند رائفلز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تقریب کے آخر میں مہمند رائفلز کے انٹی ٹیرارزم سکواڈ نے دہشت گردوں سے نمٹنے اور دو بدو لڑائی میں دشمن کو زیر کرنے کے مہارت کا عملی مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب کے اختتام پر حکام اور ریکروٹس نے مہمند رائفلز یادگار شہدا پر حاضری دی اور خصوصی دعا مانگی۔

متعلقہ عنوان :