ہاکی ہمارا فخر ہے اور ہاکی کے فروغ کے لیے دن رات اقدامات کئے جا رہے ہیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن

جمعہ 13 مئی 2016 19:59

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء ) ہاکی ہمارا فخر ہے اور ہاکی کے فروغ کے لیے دن رات اقدامات کئے جا رہے ہیں، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے ہاکی کے فروغ کے لیے کئے جانے والے اقدامات اور صوبہ میں نوجوانوں میں ہاکی کے کھیل کے بڑھتے ہوئے رحجان کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک کی تاریخی کی پہلی ہاکی لیگ کوئٹہ میں منعقد کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمد خالد سجاد کھوکھر نے بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پہلا علی احمد شہید میموریل انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل شہباز احمد سینئر، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، سیکریٹری جنرل امجد ستی، ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران ، سکول کے بچوں اور شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایچ ایف کے صدر نے کہا کہ بلوچستان پہلا صوبہ ہے جس نے ہاکی کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول پر ہاکی کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں جو قابل ستائش عمل ہے اور اسی کا ثمر ہے کہ پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ کوئٹہ میں منعقد کی جائے گی، جو کہ نا صرف بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی بلکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی بھی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ بلوچستان کے نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور رہ کر کھیلوں خاص طور سے ہاکی میں دلچسپی لے رہے ہیں جسے کرکٹ کے مقابلے میں ماضی میں نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے نوجوانوں پاکستان کے قومی کھیل سے دور ہوتے چلے گئے، انہوں نے بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ، سیکریٹری جنرل امجد ستی اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں انٹر سکول ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ بی ایچ اے کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان ہاکی لیگ کی تیاری اور دیگر لائحہ عمل کے لیے جامع پلان مرتب کر کے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ارسال کریں تاکہ پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ جو کہ کوئٹہ میں منعقد کی جائے گی کی تاریخ کا اعلان کیا جائے اور اس لیگ کا کامیاب انعقاد ممکن ہو سکے۔ اس سے قبل بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی ہے اور نوجوانوں میں ہاکی کے کھیل کا رحجان بڑھ رہا ہے ، انہوں نے ہاکی میں درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ میں ہاکی کا ایک گراؤنڈ ہے جہاں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی بچھائی ہوئی ٹرف کو نقصان پہنچ رہا ہے، انہوں نے حکومت بلوچستان سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کھیلوں کے فروغ کے لیے کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ ہاکی کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کرتے ہوئے جنرل موسیٰ ہاکی اسٹیڈیم میں ایک ٹیوب ویل کی منظوری دیں تاکہ گراؤنڈ میں پانی کے مسئلے کو حل کر کے کروڑوں روپے کی ٹرف کو خراب ہونے سے بچایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ آج کا فائنل میچ خشک ٹرف پر کھیلا گیا جس کی بناء پر کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے زیادہ سے زیادہ چانسز موجود تھے، انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ہاکی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر ، سیکریٹری اور دیگر عہدیداروں کو کوئٹہ میں انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ آمد پر خوش آمدید اور شکریہ ادا کرتی ہیں اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے باعث تقویت ہے کہ پاکستان کے نامور کھلاڑی اور فیڈریشن کے صدر ان کی حوصلہ افزائی کے لیے کوئٹہ آئے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ ہاشمی نے بی ایچ اے کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ایسوسی ایشن کے لیے ایک لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد کے حوالے سے حکومت بلوچستان کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس سے قبل انٹرسکول ہاکی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں فائنل میچ گورنمنٹ کچلاک ہائی سکول اور گورنمنٹ ہائی سکول کلی شیخان کے مابین کھیلا گیا جو گورنمنٹ ہائی سکول کچلاک کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :