مہمند ایجنسی ،حکومت نے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اساتذہ کو حاضری یقینی بنانے، چھٹنے والی پڑھائی کیلئے اضافے وقت دینے کی ہدایت

جمعہ 13 مئی 2016 19:43

مہمند ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء)حکومت نے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ مہمند ایجنسی کے تمام اساتذہ (آج) ہفتہ سے سکولوں میں حاضری یقینی بنائیں،احتجاج کے دوران چھوٹنے والی پڑھائی کیلئے اضافی وقت دیا جائے، ہفتہ کے اندر سکول سے باہر تمام بچوں کو داخل کیا جائے،اساتذہ پولیو مہم میں بھر پور کردار ادا کریں۔

محکمہ ایجوکیشن مہمند ایجنسی نے ہدایات جاری کردیں۔تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی کے ایجنسی ایجوکیشن آفیسر سعید گل نے مہمند ایجنسی کے تمام سرکاری سکولوں کے اساتذہ کیلئے ہنگامی ہدایات نامہ جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق تمام ٹیچنگ سٹاف پر واضح کر دیا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے فاٹا کے اساتذہ کے اپ گریڈیشن کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے مہمند ایجنسی کے تمام اساتذہ کل بروز ہفتہ سے اپنے اپنے سکولوں میں حاضری یقینی بنائے اور پڑھائی کا سلسلہ شروع کر دے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران چھوٹنے والی پڑھائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اساتذہ اضافی وقت دے کر بھر پور محنت کریں۔ اور ایک ہفتہ کے اندر داخلوں سے محروم سکول سے باہر تما م بچوں کو داخل کرائیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ اساتذہ پیر سے شروع ہونے والے پولیو مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔

اور نئے عزم کے ساتھ اپنی سابقہ ذمہ داریاں نبھانے کیلئے کمر بستہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبہ پورا ہونے کے بعد ڈیوٹی میں غفلت اور کوتاہی نا مناسب اور ناقابل برداشت تصور کی جائیگی۔ انہوں نے فاٹا اساتذہ کے اپ گریڈیشن کا مسئلہ حل کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے منصفانہ اقدام قرار دیا۔