موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت صوبہ ترقی کی راہ پرگامزن ہواہے، ڈاکٹر امجد علی معاون خصوصی وزیراعلی کے پی کے

جمعہ 13 مئی 2016 19:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاوٴسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو عوامی مسائل کا احساس ہے اوراپنی مدت کے دوران ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جن کی بدولت پسماندہ علاقوں کی محرومی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ صوبہ ترقی کی جانب گامزن ہواہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ پی کے۔

82 سوات کی یونین کونسل ٹال میں ایک شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقے معروف سیاسی شخصیات میاں گل زین، احمد خان، محمد امین، میاں علیم جان، نصیب زادہ ،جاوید۔ مجیب ،شیر علی خان، ہارون الرشیداورعمرزادہ نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی نے شامل ہونے والے ورکروں کو مبارکبادپیش کی اورامید ظاہر کی کہ علاقے کے عوام کی خدمت میں وہ اپنا بھرپور کردار اداکریں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منشور اورصوبائی حکومت کی بہتر کارکردگی کی بدولت دوسری جماعتوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداران جوق درجوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں کیونکہ انہیں عملی طورپر صوبے میں تبدیلی نظر آنے لگی ہے ۔ڈاکٹر امجد علی نے اس موقع پر پر مڈل سکول یوسی ٹال کو ہائیرسیکنڈری کادرجہ دینے کے لئے 9 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اپنے حلقہ کے دوردراز علاقوں کے مسائل کے حل کاوعدہ وہ بہرصورت پورا کریں گے۔

انہوں نے اس موقع پر 30 لاکھ روپے کی گرانٹ پر مشتمل آبنوشی سکیم ،گلی کوچوں کی پختگی کے لئے 40 لاکھ روپے اوربجلی کی سکیموں کے لئے 40 لاکھ روپے کی فراہمی کااعلان کیا ۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے حلقہ کے ہر علاقے کا مہینے میں ایک دفعہ دورہ کرکے مسائل معلوم کریں گے اورانہیں حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ انہیں اپنے ورکروں اورعوام کے تعاون پر فخر ہے اور ان کے اعتماد کو وہ ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :