وفاقی وزیر داخلہ نے اسلحہ لائسنس کی تجدید میں 6ماہ کی توسیع اور ای پاسپورٹ کے اجراء کی اصولی منظوری دیدی

ای پاسپورٹ منصوبہ 2017تک مکمل آپریشنل ہو جائے گا ، اسلحہ لائسنس کی تجدید یکم جون 2016سے شروع ہوگی،مقررہ تاریخ تک اسلحہ لائسنس کی تجدید نہ کروانے والوں کے لائسنس منسوخ کر دئیے جائیں گے، اجلاس کو بریفنگ ای پاسپورٹ سروس سے انسانی سمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی،جعلی لائسنس رکھنے والوں کیخلاف مقدمات درج کر ے اور ایف آئی اے اس حوالے سے تحقیقات کرے ، چوہدری نثار علی کی ہدایت

جمعہ 13 مئی 2016 18:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلحہ لائسنس کی تجدید میں 6ماہ کی توسیع اور ای پاسپورٹ کے اجراء کی اصولی منظوری دیدی،ای پاسپورٹ منصوبہ 2017تک مکمل آپریشنل ہو جائے گا۔ اسلحہ لائسنس کی تجدید یکم جون 2016سے شروع ہوگی،مقررہ تاریخ تک اسلحہ لائسنس کی تجدید نہ کروانے والوں کے لائسنس منسوخ کر دئیے جائیں گے۔

جمعہ کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،جس میں سیکر ٹری وزارت داخلہ ،سپیشل سیکر ٹری وزارت داخلہ ،ڈی جی ایف آئی اے ،ڈی جی پاسپورٹ ،ڈی جی نادرا اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں حکام کی جانب سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ سال 31دسمبر تک اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرازڈ کر انے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی ،مقررہ تاریخ تک 1لاکھ 80ہزار اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرازڈ کئے گے،جبکہ اس دوران 8ہزار بوگس اسلحہ لائسنس نکلے ، اس موقع پر وزیر ڈاخلہ نے بوگس لائسنس رکھنے والوں کیخلاف مقدمات درج کر نے اور ایف آئی اے کو اس حوالے سے تحقیقات کر نے کی ہدایت کر دی، اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرازڈ کر نے پر موثر انداز میں آگاہی مہم نہیں چلائی گئی تھی جس کی وجہ سے مکمل طور پر اسلحہ لائسنس کمپیوٹرازڈ نہیں ہو سکے تھے،اب اس حوالے سے باقاعدہ موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی جی پاسپورٹ نے ای پاسپورٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ د یتے ہوئے بتایا کہ ای پاسپورٹ کے ذریعے پاسپورٹ میں ایک ڈیجیٹل چپ لگائی جائے گی جس میں متعلقہ شخص کی مکمل بائیومیٹرک تفصیلات ہوں گی ، ای پاسپورٹ سے غیر قانونی طور پر بنائے جانے والے پاسپورٹس کا خاتمہ ہو سکے گا ۔اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ای پاسپورٹ سروس سے انسانی سمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی، غیر قانونی طور پر حاصل کئے گئے پاسپورٹس سے پوری دنیا میں پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچا ، ای پاسپورٹ کے اجراء سے ایسے عناصر کو روکنے میں مدد ملے گی ۔وزیر داخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ کو پاسپورٹ کی پرنٹنگ اور اس حوالے مشنری کو مزید بہتر کر نے کی ہدا یت بھی کی۔