پنڈی گھیب،گورنمنٹ بوائز کالج میں لیکچرارز اور سٹاف کی کمی

طلباء کو پینے کا صاف پانی، سیوریج سسٹم کی بندش ، کمپیوٹر لیب کی کمی ، لیبارٹری میں سہولیات کافقدان ، طلباء شدید پریشان والدین کا وزیر اعلی پنجاب سے فوری نوٹس کا مطالبہ

جمعہ 13 مئی 2016 18:30

پنڈی گھیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مئی۔2016ء) گورنمنٹ بوائز کالج میں لیکچرارز اور سٹاف کی کمی ۔ طلباء کو پینے کا صاف پانی، سیوریج سسٹم کی بندش ، کمپیوٹر لیب کی کمی ، لیبارٹری میں سہولیات کی کمی ، کلاس رومز کی خستہ حالی اور دیگر بنیادی مسائل کا سامنا ۔ طلباء شدید پریشان ۔ طلباء کے والدین کا وزیر اعلی پنجاب سے فوری نوٹس کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق 74کنال رقبے پر محیط گورنمنٹ ڈگری کالج میں اس وقت کل 150طالب علم زیر تعلیم ہیں۔جن میں سے 40طلباء ڈگری کلاسز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔گورنمنٹ ڈگری کالج میں لیکچرار اور پروفیسرز کی کل منظور شدہ آسامیوں کی تعداد 27ہے۔جن میں سے 19آسامیاں خالی پڑی ہیں۔صرف 8مستقل لیکچرار اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کالج کے کلریکل سٹاف کی منظور شدہ 15آسامیوں میں سے 4آسامیاں خالی پڑی ہیں۔

25سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی کالج میں کوئی لائبرین تعینات نہ ہو سکا۔کالج کی لائبری میں 12000ہزار سے زائد کتابیں موجود ہیں۔عرصہ بیس سال سے کالج میں ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کی آسامی خالی پڑی ہے۔ایک سال سے فزکس مضمون کا پروفیسر نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت پنجاب آئی ٹی کے شعبہ میں اربوں روپے خرچ کر رہی ہے مگر پنڈی گھیب کے گورنمنٹ ڈگڑی کالج میں طلباء کیلئے تا حال کمپیوٹر لیب اور کمپیوٹر ٹیچر تک موجود نہیں۔

کالج میں طلباء کو پینے کا صاف پانی اور سیوریج سسٹم کی بندش کا مسلئہ بھی درپیش ہے۔جس سے طلباء اور سٹاف کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔لاکھوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ٹینکی تو موجود ہے لیکن ٹیوب ویل نہ ہونے کی وجہ سے بوسیدہ ہو چکی ہے۔کالج میں موجود 2درجن سے زائد واش روم پانی نہ ہونے کی وجہ سے بوسیدہ اور ناقابل استعمال ہو چکے ہیں۔

گونمنٹ ڈگڑی کالج پنڈی گھیب کا سٹاف اور دیگر اخراجات کی مد میں سالانہ بجٹ 4کروڑ روپے ہے۔جس کے باوجود بھی طلباء بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔سروے کے دوران کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد اسلم نے بتایا کہ سٹاف کی کمی ، لیبارٹری ، صاف پینے کے پانی اور دیگر ناکافی سہولیات کے باوجود سٹاف اور طلباء کی تعلیمی کارکردگی قابل ستائش ہے۔امسال بھی ڈگڑی کلاسز کا رزلٹ سو فیصد رہا ۔

متعلقہ عنوان :