کرپشن میں ڈوبے سیاستدان پیپلز پارٹی کی حکومت پر بے بنیاد الزامات لگا کر انتخابات میں پیپلزپارٹی کا راستہ نہیں روک سکتے ،چوہدری مجید

آزاد کشمیر کے عوام نے وفاقی وزراے کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے ،وزارت امور کشمیر کا وائسرائے بننے کا خواب ادھورا رہے گا

جمعہ 13 مئی 2016 18:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مئی۔2016ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کرپشن میں ڈوبے سیاستدان پیپلز پارٹی کی حکومت پر بے بنیاد الزامات لگا کر انتخابات میں پیپلزپارٹی کا راستہ نہیں روک سکتے ،آزاد کشمیر کے عوام نے وفاقی وزراے کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے ،وزارت امور کشمیر کا وائسرائے بننے کا خواب ادھورا رہے گا،وفاقی وزراء کو دھونس دھاندلی کے ذریعے آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت قائم نہیں کرنے دیں گے ،آمدہ انتخابات ہائی جیک کرنے کا وفاقی وزرا ء کا مخصوص ایجنڈا ادھورا ہی رہے گا ،ریاستی عوام کی تعمیر و ترقی کے فنڈز روک کر وفاقی وزراء کی نیتوں کا فتور سامنے آ گیا ہے ،ترقیاتی فنڈز کی بندش ہمارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی ،ہم عوام میں سے ہیں ،عوام کی فلاح و بہبود ہی ایجنڈا ہے ،ہمیں اس ایجنڈے سے ڈی ٹریک نہیں کیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم شہداء گڑھی خدا بخش کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے جس انداز سے پارٹی پرچم بلند کر کے آزاد کشمیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا اس نے عوام کا استحصال کرنے والے سیاستدانوں کی چیخیں نکا ل دیں ابھی آگے آگے دیکھیں عوام کا استحصال کرنے والوں کے ساتھ کیا ہو گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کو گلگت بلتستان سمجھنے والے شدید غلط فہمیوں کا شکار ہیں ،آزاد کشمیر میں گلگت بلتستان کی طرح کسی کو دھونس دھاندلی کے ذریعے عوام مینڈیٹ پر شب و خون نہیں مارنے دیں گے ،آزاد کشمیرمیں پیپلز پارٹی کی حکومت قانون و انصاف کا بالادستی پر یقین رکھتی ہے آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی اور معاشی خوشحالی ہمارا ایجنڈا ہے جس پر 2011کے انتخابی منشور پر پارٹی ویژن کے مطابق عملی جامع پہنایا۔

آزاد کشمیر میں عوامی و ترقی و خوشحالی کے جو میگا پراجیکٹس دیے وہ ماضی کی ساٹھ سالہ حکومتوں پر بھاری ہیں ۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے جو میگا پراجیکٹس دیے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں اور ان میگا پراجیکٹس سے آزاد کشمیر کے دور دراز پسماندہ پہاڑی علاقوں کے عوام بھی شہر جیسی سہولتوں سے مستفید ہو رہے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر میں عوام سے کیے جانے والے وعدوں کو عملی جامع پہنایا اور آزاد کشمیر میں ایجوکیشن اورہیلتھ پیکج دے کر غریب اور پسماندہ عوام کو ان کی دہلیز پر تعلیم اور صحت کے مواقع فراہم کیے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک آزاد ی کا بیس کیمپ ہے ہم نے بیس کیمپ سے استحصالی کلچر کا خاتمہ کیا اورقبیلوں اور برادریوں کے نیٹ ورک سے عوام کو آزاد کرایا اور عوام کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کیلئے ہم نے جو جو خواب دیکھے تھے ان سب کو تعبیریں دیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم جو کہتے تھے وہ کر کے دیکھایا ہے ہم سا کوئی ہے تو سامنے آئے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ آمدہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی،انتخابات کے روز اقتدار پرستوں کو دن میں تارے دیکھا دیں گے اور عوامی عدالت سے سرخروہ ہو کر 2016میں دوبارہ حکومت بنا کر آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر وادی نیلم کے دورہ کے دوران عوامی وفود سے خطاب کررہے تھے ،آزاد کشمیر کے وزراء چوہدری لطیف اکبر اور میاں وحید اور پیپلز پارٹی کے مقامی زعماء بھی موجود تھے ۔وزیر اعظم نے دورہ کے دوران متعدد منصوبوں کا افتتاح بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :