رواں ماہ میں4234غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور2دنوں میں 858کمسن ڈرائیورزکے خلاف کارروائی کی گئی

جمعہ 13 مئی 2016 15:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ کمسن ڈرائیورز،غیر نمونہ اوربغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی اور ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اسکے خاتمے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے رواں ماہ میں4234اور خصوصی مہم کے دوران ابتک 170136غیر نمونہ ،بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ کمسن ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن کے 2دنوں میں 858اور مجموعی طور پر ابتک 17939کمسن ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کا جا چکی ہے ۔

سی ٹی او نے خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران انسدادی کارروائی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا وزٹ بھی کیا۔ انہوں نے کمسن ڈرائیورز اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف انسدادی کارروائی کے سلسلے میں سیکٹر انچارجز اور وارڈنز کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ کمسن ڈرائیورز،غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف جاری مہم کو کامیاب کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلائیں خصوصارش کے اوقات میں پٹرولنگ یقینی بنائیں۔سی ٹی او نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خاتمے کویقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔سی ٹی او نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہر گز نہ دیں ،شہر میں ٹریفک کی روانی اور حادثات کی روک تھام میں اپنا اخلاقی فریضہ ادا کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔