ہمارے پڑوس میں حاکمانہ سوچ مستحکم ہورہی ہے، ہم اپنی خود مختاری اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات نظر انداز نہیں کر سکتے، کورس میں دوست ممالک کے آفیسرز کی معقول تعداد میں شرکت پاکستان کیساتھ برادارانہ تعلقات کی عکاس ہے ، نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا کانووکیشن کی تقریب سے خطاب

جمعہ 13 مئی 2016 12:59

لاہور۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مئی۔2016ء) پینتالیسویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے کانووکیشن کی تقریب جمعہ کے روزپاکستان نیوی وار کالج لاہو ر میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی نے پاکستان نیوی‘ پاک آرمی‘ پاکستان ایئر فورس کے 50 اور دوست ممالک اردن‘ انڈونیشیا ‘ بنگلہ دیش‘ ترکی‘ جنوبی افریقہ ‘ چین‘ سری لنکا‘ سعودی عرب‘ عمان‘ ملائیشیا اور نائجیریا کے 18 آفیسرز کو وارسٹڈیز(میری ٹائم) میں ماسٹرز کی ڈگریاں تفویض کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ ہمارا ملک جعفرافیائی طور پر بے پناہ عالمی مفادات کے حامل خطے میں واقع ہے۔ اس بات کا ثبوت خطے میں غیر علاقائی قوتوں کی موجودگی ہے جو معاشی اور سکیورٹی مفادات کے حصول کی متمنی ہیں۔

(جاری ہے)

وسیع وعریض ایشیاء میں موجود یہ قوتیں اور دیگر شراکت داروں کی توجہ سمندر کی جانب مبذول ہو رہی ہے اور بحری فورسز کو اسٹریٹیجک اور روایتی انداز سے ترقی دینے کیلئے کثیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوس میں ایک حاکمانہ اور جابرانہ سوچ مستحکم ہورہی ہے تاہم ہم اپنی خود مختاری اور قومی سکیورٹی کو لاحق خطرات سے پہلو تہی نہیں برت سکتے۔ انہوں نے کہا کہ محدود بجٹ کے باوجود حکومت خاطر خواہ وسائل فراہم کر رہی ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے سلسلے میں مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے ان وسائل سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔

گریجوایٹنگ آفیسرز کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قائد کی حیثیت سے آفیسر کو مضبوط قوت فیصلہ کا حامل ہونا چاہئے کیونکہ ہم نہ تو فیصلہ سازی میں پس وپیش اور نہ ہی پرکھنے کی صلاحیت میں کمی کے متحمل ہو سکتے ہیں جو کسی بھی ادارے خصوصا عسکری اداروں کیلئے رجعت پذیری کا باعث ہے۔ چنانچہ اس کورس کے دوران سیکھی جانے والی مہارتوں کا بہترین استعمال کرتے ہوئے فیصلہ سازی کے عمل میں مثبت کردار ادا کریں۔

نیول چیف نے گریجوایٹنگ آفیسرز کو مبارکباد دی اور کورس کی تمام سرگرمیوں کے انعقاد کے سلسلے میں پاکستان نیوی وار کالج کے عزم اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے بھر پور تعاون کو سراہا۔ قبل ازیں کمانڈنٹ پی این وار کالج ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تعلیمی اور پیشہ وارانہ سرگرمیوں پر مختصر روشنی ڈالی جن میں دوران کورس گریجوایٹنگ آفیسرز نے مہارت حال کی۔ انہوں نے کہا کہ کورس میں دوست ممالک کے آفیسرز کی معقول تعداد میں شرکت حوصلہ افزاء ہے اور پاکستان اور ان ممالک خاص طور پر ان کی بحری قوتوں کے درمیان پائے جانے والے برادارانہ تعلقات کی عکاس ہے۔ تقریب میں معزز سول شخصیات اور پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر آفیسرز نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :