کرکٹ قوانین سے آگاہی کیلئے ایپ متعارف کرادی گئی

جمعہ 13 مئی 2016 12:40

کرکٹ قوانین سے آگاہی کیلئے ایپ متعارف کرادی گئی

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مئی۔2016ء) لندن کے قدیم میرلی بون کرکٹ کلب نے ایک ایسی کرکٹ ایپ بنائی ہے جس میں کرکٹ سے متعلق تمام قوانین کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ایپ میں تمام قوانین کو آسان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے تاکہ ہر کسی کو سمجھ آ سکیں۔اس کے علاوہ اس میں نئی تصاویر، اینیمیشن اور قوانین کی خصوصی کوئز بھی شامل ہے۔

ایم سی سی لاز آف کرکٹ نامی ایپ میں اس کھیل کے تمام 42 قوانین کو شامل کیا گیا ہے۔ جہاں ان کی درجہ بندی آٹھ حصوں میں کی گئی ہے اور کھیل شروع کرنے سے لے کر اپیل کرنے اور آوٴٹ ہونے کے طریقوں تک سب کچھ شامل ہے۔اس میں 15 قوانین اینیمیشنز کی صورت میں موجود ہیں جنھیں دیکھا جا سکتا ہے اور یہ قوانین مصنف، براڈکاسٹر اور اداکار سٹیفن فرے کی آواز میں ریکارڈ کروائے گئے ہیں جو ’پچ خراب کرنے‘ اور ’فیلڈ میں رکاوٹ پیدا کرنے‘ جیسے قوانین کو بیان کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایپ میں مزید 18 ویڈیوز بھی شامل کی گئی ہیں جن میں امپائروں کے اشاروں کو دکھایا گیا ہے تاکہ کھلاڑی، شائقین اور آفیشلز یہ معلوم کر سکیں کہ کس اشارے کا کیا مطلب ہوتا ہے۔اس میں آخری فیچر جو شامل کیا گیا ہے وہ کوئز ہے جو کہ صارفین کی اس کھیل سے متعلق آگاہی کا امتحان لیتا ہے۔ اس فیچر میں ’آسان‘، ’درمیانے‘ اور مشکل لیول رکھے گئے ہیں اور اس ٹیسٹ کے نتائج کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی شائع کیا جا سکتا ہے۔

ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیریک بریور کا کہنا ہے کہ ’ کسی بھی نئے سپورٹر کے لیے اس کھیل کو سمجھنے کے لیے یہ بالکل مکمل ایپ ہے۔ اس میں تمام طرح کے کھلاڑیوں کے لیے بھی بہت کچھ ہے۔ آفیشلز، کوچز اور کرکٹ کے سپورٹر اپنے علم میں اضافہ کر سکتے ہیں۔‘کرکٹ قوانین پر بننے والی اس پہلی ایپ کو مفت ڈاوٴن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :