محکمہ موسمیات شدید گرمی (ہیٹ ویوز) کے متعلق قبل از وقت اطلاع دے گا،ڈی جی میٹ

جمعرات 12 مئی 2016 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات غلام رسول نے کہا ہے کہ عوام ہیٹ ویوز سے متعلق سوشل میڈیا کی خبروں پر توجہ نہ دیں، اس حوالے سے محکمہ موسمیات دو سے تین دن پہلے وارننگ جاری کرے گا، مئی اور جون کے مہینے میں ایک یا دو سے زائد ہیٹ ویوز کے امکانات نہیں ہیں جن کا دورانیہ عام طور پر دو سے تین تک ہوسکتا ہے جس کے بعد درجہ حرارت کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں فورتھ نیشنل مون سون فورم اور ہیٹ ویوز ارلی وارننگ سسٹم سے متعلق منعقدہ دو روزہ سیمینار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی محکمہ موسمیات غلام رسول نے کہا کہ ہیٹ ویوز سے متعلق جوبھی خبر ہوگی ان کا محکمہ قبل از وقت وارننگ دے گا لہذا عوام اس حوالے سے سوشل میڈیا کی خبروں پر توجہ نہ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویوز کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ بارشیں، قحط ، سیلاب ، ہیٹ ویوز اور پہاڑوں سے زیادہ مقدار میں برف کا پھگلنا موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ جنگلات لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں درختوں کی کمی کی وجہ سے مضافات کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درخت موسم کو معتدل رکھنے میں مدد دیتے ہیں اس لئے کراچی کے عوام کو چاہئے کہ وہ درخت لگائیں۔ ڈی جی موسمیات نے کہا کہ گزشتہ سال آنے والی شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر عوامی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے یہ سیمینار بھی اسی سلسلے میں ایک کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے ورکشاپ میں شرکت کی ہے اور ہیٹ ویوز کے اثرات سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا محکمہ موسمیات متوقع ہیٹ ویوز کی قبل از وقت اطلاع دے گا اور پھر روزانہ کی بنیاد پر عوام کو معلومات فراہم کرے گا۔ سول ہسپتال کی ڈاکٹر فرخت خان نے کہا کہ ہسپتال میں ہیٹ ویوز سے متاثرہ افراد کے لئے تمام وارڈز میں 10،10 بیڈ رکھے گئے ہیں اور اس طرح مجموعی طور پر ہسپتال میں ہیٹ ویوز کے متاثرین کے لئے 80 بیڈ رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے شدید گرمی سے متاثرہ افراد کے علاج کے لئے ڈاکٹروں پر مشتمل الگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ہیٹ ویوز کے دنوں میں ایمرجنسی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ سیمینار کے دوسرے اور آخری دن مختلف موضوعات پر ماہرین نے اپنے مقالے پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :