اپوزیشن کا ا تحاد کسی تحقیقات کیلئے نواز شریف دشمنی میں بنا ہے ٗ 150آف شور کمپنیاں رکھنے والے جواب مانگ رہے ہیں ٗ پارلیمنٹ میں پوچھے گئے سوال کا جواب پارلیمنٹ میں دینگے ٗ اپوزیشن کی ڈکٹیشن سے جوا ب نہیں دینگے ٗطلال چوہدری اور محمد زبیر کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 مئی 2016 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ا تحاد کسی تحقیقات کیلئے نواز شریف دشمنی میں بنا ہے ٗ 150آف شور کمپنیاں رکھنے والے جواب مانگ رہے ہیں ٗ پارلیمنٹ میں پوچھے گئے سوال کا جواب پارلیمنٹ میں دینگے ٗ اپوزیشن کی ڈکٹیشن سے جوا ب نہیں دینگے۔ جمعرات کو مسلم لیگ (ن )کے رہنماؤں کیساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہاکہ مشرف کے دور میں نواز شریف اور ان کے خاندان کے اثاثوں کی چھان بین کی گئی اور اس دور میں شریف خاندان کا کڑا احتساب ہوا ،اس دور میں بھی نواز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی چارج نہیں نکلا ۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی نواز شریف ہر سال ٹیکس جمع کراتے تھے اور اب بھی ٹیکس گوشوارے جمع کرا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے باہر اثاثے نہیں ،ان کے بچے باہر کاروبار کر رہے ہیں اور اس ملک کے قانون کے تحت ٹیکس جمع کراتے ہیں طلال چوہدری نے کہاکہ اپوزیشن کا اتحاد کسی تحقیقات کیلئے نہیں نواز شریف دشمنی میں بنا ہے ٗ150 آف شور کمپنیاں رکھنے والے جواب مانگ رہے ہیں ٗ پارلیمنٹ میں پوچھے گئے سوال کا جواب پارلیمنٹ میں دیں گے۔

اپوزیشن کی ڈکٹیشن سے جواب نہیں دیں گے۔ وزیراعظم کے نام کوئی آف شور کمپنی نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا وزیراعظم کے گوشواروں کی تفصیل اداروں کے پاس موجود ہیں ٗپوچھنے والے پارلیمنٹ کا چھوٹا حصہ ہیں ٗ اکثریت وزیراعظم نواز شریف کیساتھ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر نے کہاکہ مشرف دور میں بھی نواز شریف کیخلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے ہر سال گوشوارے جمع کرائے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہاکہ جو سوال پارلیمنٹ کے اندر پو چھا جاتا ہے ،وہ پارلیمنٹ کے باہر نہیں پوچھا جانا چاہیے ،اگر اپوزیشن کیمروں کے سامنے سوال کرے گی تو جواب بھی کیمروں کے سامنے دئیے جائیں گے ۔