پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر گرلز ہائی سکول قائم کئے جائیں گے ‘رانا مشہود احمد خاں

اگلے بجٹ 14ارب روپے سکول کونسلز کے لئے مختص کئے جا رہے ہیں ، خواتین ارکان اسمبلی فروغ تعلیم کے لئے آگے آئیں ہر ضلع میں مانیٹرنگ کمیٹیاں بنا کر پورے ضلع کا تعلیمی نظام مانیٹر کیا جائے گا ، منتخب نمائندے سربراہ ہوں گے ‘صوبائی وزیر کا ارکان اسمبلی کو دیئے گئے ظہرانے میں تعلیمی روڈ میپ کے حوالے سے خطاب

جمعرات 12 مئی 2016 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ منتخب نمائندے فروغ تعلیم کا عمل تیز کرنے کے لئے وزیراعلی کے روڈ میپ پروگرام کا حصہ بنیں ، ارکان اسمبلی اپنے علاقوں میں سکول کونسلز کے قیام ، ضلعی مانیٹرنگ کمیٹیاں ، نئے کلاس رومز کی تعمیر، سکولوں کی اڈاپشن اورانرولمنٹ میں مرکزی کردار ادا کریں،ارکان اسمبلی وزیراعلی کی ٹیم کا ہراول دستہ ہیں ان کے موثر کردار کے بغیر فروغ تعلیم کے اہداف حاصل نہیں ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ارکان اسمبلی کو وزیراعلی سکول ایجوکیشن روڈ میپ کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ و ظہرانے کے دوران کیا- تقریب میں ارکان اسمبلی نے بھاری تعداد میں شرکت کی-وزیرتعلیم نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر گرلز ہائی سکول قائم کئے جائیں گے -اس مقصد کے لئے اگلے بجٹ میں مناسب رقوم مختص کی جارہی ہیں-انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے ڈویژ نز کی سطح پر پورے صوبے کا دورہ شروع کر دیا ہے ، بہاولپور کے بعد اب ملتان ڈویژن کی باری ہے -وزیر اعلی اپنے دوروں کے دوران علاقے کے منتخب نمائندوں سے سکولوں میں انرولمنٹ اڈاپشن اور سکول کونسلز کی تشکیل کے حوالے سے ضرور سوال کریں گے- انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب ایک کروڑ 10لاکھ بچوں کو سرکاری اور90 لاکھ بچوں کو پرائیویٹ سکولوں میں تعلیم کی فراہمی کا دنیا کا سب سے بڑا نظام چلا رہا ہے -اس نظام کو کامیابی سے چلانے کے لئے منتخب نمائندو ں سمیت معاشرے بارسوخ اور صاحب حیثیت افراد کا آگے آنا وقت کی ضرورت ہے- انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی نئی ٹرانسفر پالیسی میں میوچل ٹرانسفر ، ہارڈ شپ اور ڈیڈ لاک کی بنیاد پر ٹرانسفر کو پابندی سے مستثنی رکھنے کی تجویز دی گئی ہے -اس اقدام کا مقصد اساتذہ بالخصوص خواتین اساتذہ کو دور دراز کے مقامات پر تعیناتی کے مسائل سے بچا کر ان کی بھرپور توجہ کو درس و تدریس کی طرف مبذول کروانا ہے- صوبائی وزیرتعلیم نے کہا کہ اگلے بجٹ 14ارب روپے سکول کونسلز کے لئے مختص کئے جا رہے ہیں -ہر ضلع میں مانیٹرنگ کمیٹیاں بنا کر پورے ضلع کا تعلیمی نظام مانیٹر کیا جائے گا ، منتخب نمائندے ان ضلعی کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے - انہوں نے کہا کہ اچھے رزلٹس دینے والے سکولوں کو 60 ہزار تا 24 لاکھ روپے کی ترقیاتی رقوم دی جائیں گی-

متعلقہ عنوان :