پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے 12 مئی 2007ء کیخلاف احتجاج

سانحہ بارہ مئی کے مجرموں کو قرارواقعی سزا دی جائے ورنہ عدلیہ کی آزادی پر سوالیہ نشان قائم رہیگا،مقررین

جمعرات 12 مئی 2016 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام اسلام آباد پریس کلب کے سامنے 12 مئی 2007ء کراچی کے شہدائے بحالی عدلیہ کی مناسبت سے ایک احتجاج کیا گیا جس سے پارٹی کے مرکزی قائدین نے خطاب کیا، مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بارہ مئی 2007ء کو کراچی میں بحالی عدلیہ کے پرامن جلوس پر دن دیہاڑے مین شاہراہ پر تمام سول و فوجی سیکیورٹی اداروں کی موجودگی میں جنرل پرویز مشرف کے حکم پر ایم کیو ایم کے دہشت گردوں سے قتل عام کرایا گیا جوکہ مسلسل چھ دن جاری رہا اور چیف جسٹس کو کراچی ایئر پورٹ پر یرغمال بنائے رکھا اسی دن ملک کے فوجی آمر جنرل پرویز مشرف نے سیاسی تقریب میں کہا کہ’’ دیکھ لی میری طاقت’’، مشرف اور ایم کیو ایم کے دہشت گردوں نے انتہائی بربریت کا مظاہرہ کیا اور ملکی تاریخ میں ایک اور سیاہ دن رقم کیا اور آج تک کسی حکمران، عدلیہ نے بارہ مئی 2007ء کے قتل عام کی تحقیقات نہیں کیں اور کوئی ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی اور آج تک مجرمان دندناتے پھر رہے ہیں، مقررین نے کہا کہ سانحہ بارہ مئی کے مجرموں کو قرارواقعی سزا دی جائے ورنہ تب تک عدلیہ کی آزادی پر سوالیہ نشان قائم رہیگا، لہٰذا پشتونخوا ملی عوامی پارٹی موجودہ حکمرانوں اور عدالتی نظام اور اداروں سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ جلد از جلد ایک آزاد عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے اور اس واقع کی تحقیقات کی جائے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے پشونخوا ملی عوامی پارٹی کے ایم پی اے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے چیئرمین مجید خان اچکزئی ایم این اے، قہار ودان ، سیکرٹری اسلام آباد حاجی قیوم اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :