لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں گرفتار ڈی ایس پی کی ضمانت منظور ،رہا کرنے کا حکم

جمعرات 12 مئی 2016 22:17

لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں گرفتار ڈی ایس پی کی ضمانت منظور ،رہا کرنے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) سیشن عدالت نے لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں گرفتار ڈی ایس پی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج رائے احمد کھرل نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ملزم ڈی ایس پی عمران بابر جمیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ متاثرہ لڑکی نے غلط فہمی کی بنیاد پر زیادتی کا الزام عائد کیا ،اس نے کسی کو بھی زیادتی کا نشانہ نہیں بنایا لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ضمانت منظور کی جائے ۔

لڑکی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لڑکی نے ملزم ڈی ایس پی کو معاف کردیا ہے۔ جس پر عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم ڈی ایس پی کو ایک لاکھ مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ کاہنہ پولیس نے لڑکی کے بیان پر ڈی ایس پی کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو لڑکی نے ڈی ایس پی کے خلاف شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔