تیزرفتار ترقی کاہدف حاصل کرنے اورغربت ، بے روزگاری اور جہالت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے

پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے تعلیمی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے:شہبازشریف اعلیٰ تعلیم کیلئے نالج پارک کا منصوبہ بنایاگیاہے،تعلیمی پروگرامز میں دیگر صوبوں کے طلبہ کی شمولیت سے قومی وحدت کو فروغ ملا ہے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 12 مئی 2016 21:38

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 12 مئی۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیز رفتار ترقی کا ہدف فروغ تعلیم سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان کو درپیش غربت ، بے روزگاری اور جہالت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے ۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں شعبہ تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر استوارکرنے کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے۔

تعلیمی شعبے میں انقلابی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عملدرآمدکیا جارہا ہے اور تعلیمی شعبے کی ترقی اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے انقلاب آفریں اقدامات بار آور ثابت ہو رہے ہیں ۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم، دانش سکولز ، پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں نقد انعامات کی تقسیم و بیرون ملک مطالعاتی دورے، لیپ ٹاپ کی میرٹ پر تقسیم اور دیگر انقلابی اقدامات فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

قوم کے معماروں کو علم کے نور سے منور کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں اور ان میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب گھرانوں اور خاک آلود گلیوں کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں۔علم کے ان گہواروں میں بچوں کو مفت کتابیں، یونیفارم اور قیام و طعام کی بھی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

دانش سکولز معاشرے سے انتہا پسندانہ رحجانات کے خاتمے میں اہم کردارادا کررہے ہیں اور ان سکولز کے باعث کم وسیلہ گھرانوں کے ذہین بچے بھی وہی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو کہ اشرافیہ کے بچوں کی میراث سمجھی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کااظہارمنتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے ذریعے ذہین اور آگے بڑھنے کے جذبے سے سرشار وسائل نہ رکھنے والے طلباء و طالبات کو اربوں روپے کے تعلیمی وظائف دیئے گئے ہیں جن سے قوم کے یہ معمار اپنے تعلیمی اخراجات پورا کر رہے ہیں۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ پاکستان کیلئے امیدافزاء اور روشن مستقبل کی نوید دے رہا ہے اور اس بے مثال پروگرام سے قوم کے بچے اور بچیاں ملکی و غیرملکی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس تعلیمی فنڈسے جون تک ڈیڑھ لاکھ مالی مشکلات سے دوچار طلباء و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہوں گے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور پاکستان کے دیگر صوبوں کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے جس سے قومی وحدت کو فروغ ملا ہے۔

بچوں میں تعلیم عام کرنے کیلئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بھی نہایت اہم کردار ہے اور واؤچر سکیم کے تحت لاکھوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب “پروگرام کے تحت مقرر کردہ تعلیمی اہداف کے حصول کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ محنت، عزم اور جذبے کیساتھ کام کرتے ہوئے سال 2018 تک پنجاب کے ہر بچے کے سکول داخلے کا ہدف حاصل کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے لاہور میں وسیع قطعہ اراضی پر نالج پارک کے قیام کا عظیم الشان منصوبہ بھی بنایاہے۔ نالج پارک کے قیام کا منصوبہ ملک کی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد پراجیکٹ ہے۔نالج پارک میں معروف ملکی او رغیر ملکی تعلیمی اداروں کے کیمپس کے قیام سے معیاری تعلیم کو فروغ ملے گا اور لاہور میں بننے والا نالج پارک خطے کا اپنی طرز کا پہلا عالمی معیار کا تعلیمی مرکز ہوگا،جہاں تمام سہولتوں کو ایک چھت تلے یکجا کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ قوم کے نو نہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے۔ علم کے دیے جلا کر ہی ملک و قوم کے مستقبل کو تابناک بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے تعلیمی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے اورتعلیم عام کرنے کیلئے حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کے دورراس اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :