فلور ملز کے ٹرن اوور پر چھ فیصد ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ منسوخ ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی کافیصلہ واپس لینے کا حکم

ایف بی آر کا فیصلہ عوامی مفاد کے خلاف، آٹے کی قیمت میں اضافہ ناقابل قبول ہے ہارون اختر ہمارے مسائل سمجھتے ہیں، اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ، عبدالرؤف عالم

جمعرات 12 مئی 2016 19:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مئی۔2016ء)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے ایف بی آر کی جانب سے فلور ملوں کے ٹرن اوور پر چھ فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے فیصلہ کو عوام کے مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ایف بی آر کو نوٹس ارسال کر نے کا سلسلہ بند کر نے اور فلور ملز سے ودھولڈنگ ٹیکس اسی طریقہ اور شرح سے وصول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو چار سال سے نافذ ہے کیونکہ ٹیکس کی نئی شرح سے آٹے کی قیمت بہت بڑھ جائے گی جو حکومت کی عوام دوست پالیسی کی خلاف ورزی ہو گی۔

انھوں نے فلور ملز مالکان کو کاروبار کی دستاویز بندی بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ جمعرات کوجاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے یہ فیصلہ ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم کی قیادت میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو رحمت اﷲ خان وزیر، ممبر کسٹم ناصر مسرور، ممبر آپریشن انٹرنل ریونیو ڈاکٹر محمد ارشاد، دیگر اعلیٰ حکام، فلور ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عاصم رضا، اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر طارق صادق اور دیگر شامل تھے۔

قبل ازیں عبدالرؤف عالم نے اور فلور ملز مالکان نے وزیر اعظم کے مشیر خصوصی ہارون اختر خان کو بتایا کہ فلور ملز کسان سے گندم کی خریداری پر ٹیکس سے مبرا ہیں جبکہ کمیشن ایجنٹ سے گندم کی خریداری کی صورت میں کمیشن کی رقم سے ٹیکس منہا کیا جاتا ہے۔ اب کمیشن ایجنٹس سے تمام خریدوفروخت پر ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جبکہ زرعی اکانومی پر ٹیکس نہیں۔

ایف بی آر کی جانب سے اسلام آباد میں واقع فلور ملوں کے ٹرن اوور پر چھ فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائدکر کے فلور ملز مالکان کو نوٹس ارسال کر دئیے ہیں جس سے آٹے کی قیمت میں پانچ روپے فی کلو تک اضافہ ہو جائے گا جو عوام کے مفاد کے خلاف ہے کیونکہ یہ عوام کی خوراک کا بنیادی جزو ہے۔اس سے فلور ملز گندم کے سیزن کے باوجود خریداری بند کر نے پر مجبور ہو جائینگی اور جلد ہی تمام ملز بند ہو جائیں گی جس سے بحران جنم لیگا۔

صورتحال کا جائزہ لینے کے بعدہارون اختر خان نے پرانے طریقہ کار کے مطابق ٹیکس وصول کرنے کا حکم جاری کیا۔ فلور ملز کو ریلیف ملنے پرعبدالرؤف عالم نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ہاورن اختر خان کاروباری برادری کے مسائل سمجھتے ہیں اور انکی موجودگی میں ہم خود کو محفوظ سمجھتے ہیں جبکہ انکے اقدامات سے کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔