صوبائی حکومت پرائیوٹ تعلیمی اداروں میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کے لئے ضروری قانون سازی کرے گی ،عاطف خان

جمعرات 12 مئی 2016 18:09

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 مئی۔2016ء ) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پرائیوٹ تعلیمی اداروں کی فیسوں کو حقیقت پسندانہ بنانے اور ان اداروں میں یکساں نصاب تعلیم اورنصاب رائج کرنے کے لئے ضروری قانون سازی کرے گی اور ان تعلیمی اداروں میں حکومت کی طرف سے وضع کردہ منتخب فہرست میں سے نصاب پڑھایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں پرائیوٹ تعلیمی اداروں کا کردار مسلمہ ہے او ر انہوں نے اس سلسلے میں اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کیا ہے لہذا موجودہ حکومت پرائیوٹ تعلیمی اداروں کی مکمل سرپرستی کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ مشاورتی ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کے لئے سفارشات و تجاویز پر غور کرنے کے علاوہ ان اداروں کو درپیش مسائل و مشکلات کی بھی نشاندہی کی گئی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ میں انتہائی سنجیدہ ہے اور اس کی بھر پور کوشش ہے کہ سرکاری سکولوں کو بھی ملک کے بہترین پرائیوٹ تعلیمی اداروں کا ہم پلہ بنائیں تاکہ والدین کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بڑھے اور غریب والدین کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے حصول کے برابر مواقع میسر آئے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کا سب سے بڑا مسئلہ وہاں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، اساتذہ کی غیر حاضری اور پڑھائی میں عدم دلچسپی تھی جس کے لئے حکومت نے خصوصی اقدامات اٹھاکر غیر حاضری کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے جبکہ اساتذہ کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں دلچسپی پیدا کرنے کے لئے سز او جزا کا عمل متعار ف کرایا جس کے تحت بہتر کارکردگی پر ہزاروں اساتذہ کو کروڑوں روپے کے کیش انعامات جبکہ ناقص کارکردگی پر 8ہزار اساتذہ کے خلاف کاروائی عملی میں لائی گئی۔

اسی طرح سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے 43ارب روپے کا پلان بنایا ہے جس کے تحت اب تک 15ہزار سے زیادہ سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ عاطف خان نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی کارکردگی بہتر کرنے اور اساتذہ و طلبا کی حاضری یقینی بنانے کے لئے سکول منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت والدین اور حکومتی ذمہ داران سنگل کلک کے ذریعے کسی بھی وقت اساتذہ اور بچوں کی کارکردگی جانچ سکتے ہیں۔

پرائیوٹ تعلیمی اداروں کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان تعلیمی اداروں کی کارکردگی کومزید نکھارنے اور بہتر کرنے کے لئے عالمی سطح کے بہترین تعلیمی اداروں کے ماڈلز سٹڈی کررہی ہے جس کی روشنی میں ان اداروں کی بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پرائیوٹ تعلیمی اداروں سے غافل نہیں اور ان کے مسائل و مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔

متعلقہ عنوان :