جب تک اس منصب پر موجود ہوں کھیل اور کھلاڑیوں کی بھر پور سرپرستی کرتا رہوں گا ،کمشنر کراچی

جمعرات 12 مئی 2016 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 5جون کو استقبال رمضان سائیکل ریس کا انعقاد کیا جائے گا جس کی اسپانسر شپ کمشنر کراچی آفس کرے گا یہ اعلان انہوں نے پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسویسی ایشن کے زیر اہتمام راشد علی صدیقی یادگاری سائیکل ریس کی اپنے دفتر میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی میں جب تک میں اس منصب پر موجود ہوں کھیل اور کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کرتا رہوں گا ، میری خواہش ہے کہ کراچی کے کھلاڑی صوبہ سندھ کا نام پورے ملک میں روشن کریں اور یہ شہر جو کہ عظیم کھلاڑیوں کا شہر ہے ایک مرتبہ پھر یہاں سے عظیم کھلاڑی پیدا ہوں انہوں نے کہا کہ قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ میں جن 15کھلاڑیوں نے میڈل حاصل کئے ہیں ان کو بھی کمشنر کراچی آفس نقد انعامات سے نوازے گا ، انہوں نے کہا کہ میرے پاس کھیلوں کے فروغ کے بے پناہ منصوبے ہیں اور میں اس موسم میں کھیلوں کے مقابلے کرانا چاہتا تھا لیکن گرم موسم کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہوسکا ،انشااللہ عید الفطر کے بعد کراچی میں کھیلوں کے بے مثال مقابلے منعقد کرائے جائینگے قبل ازیں تقریب سے ریس کے چیف آرگنائزر نیشنل بینک کے مشیر کھیل غلام محمد خان ،پی آر اواسپورٹس NBPعظمت اللہ خان کے علاوہ حبیب حسن ، دانش بلوچ اور باران بلوچ نے بھی خطاب کیا تقریب میں احمد عبدالعزیز،اعجازاحمد قریشی ،اور دیگر نے شرکت کی اس موقع پر سائیکلسٹوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :