رمضان بازاروں میں 5ارب کی سبسڈی اوپن مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کیلئے استعمال میں لائی جائے، قرار داد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

جمعرات 12 مئی 2016 16:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کروائی ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ پنجاب حکومت منتخب رمضان بازاروں میں 5ارب کی خطیر رقم کی سبسڈی دینے کی بجائے مجموعی طور پر اوپن مارکیٹ میں آٹے ،چینی و دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے یہ سبسڈی استعمال کرے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں رمضان بازاروں کی تعداد محدود ہے نیزپنجاب کے دیہی علاقوں میں رہنے والے اس سبسڈی سے استفادہ نہیں کرسکتے ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ ہر سال اربوں روپے رمضان بازاروں کی سبسڈی کے نام پر خرچ کرنے کے دعوے کیے جاتے ہیں مگر اس رقم کا ایک بڑا حصہ ٹینٹوں اور انتظامی اخراجات کی نذر ہوجاتا ہے پنجاب حکومت ہر سال سستے رمضان بازروں کا ڈرامہ کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہی ہے رمضان بازاروں میں گلی سڑی سبزیاں اور پھل فروخت کرنے والوں کو موقع مل جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چند روپے کمی کرکے روزہ داروں کوچینی آنے کے حصول کیلئے سخت گرمی میں لمبی لمبی قطاروں میں کھڑا کرکے پریشان کیا جاتا ہے اس لیے گلی محلہ کی سطح پر یہ سبسڈی عام کی جائے تاکہ پنجاب کا ہر شہری اس سے فائدہ اٹھا سکے انہوں نے کہا کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے حال ہی میں گوشت کی قیمتیں مقرر کیں ہیں لیکن ان قیمتوں میں لاہور میں کہیں بھی عملدرآمد نہیں ہورہا ۔ یہی حال رمضان بازاروں کا ہوگا۔