صدر ممنون حسین کی”سولربچوں“ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

جمعرات 12 مئی 2016 16:19

اسلام آباد ۔ 12 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے 2”سولربچوں“ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ اس بیماری کی تشخیص اور اس کا علاج تجویزکرنے کیلئے جامع تحقیق کی جائے ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو بلوچستان سے تعلق رکھنے والے متاثرہ بچوں(سولربچوں) شعیب احمد اور عبدالرشید سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدرمیں اپنے والد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

وزیرمملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سیکرٹری کیڈ حسن اقبال اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدرمملکت نے خصوصی جذبے کے تحت دونوں بچوں کا ایوان صدرمیں خیرمقدم کیا اور نہایت شفقت کے ساتھ ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

صدر نے دونوں بچوں سے مشفقانہ انداز میں گفتگوکی اور انہیں تحائف دیئے۔

صدر نے امید ظاہرکی کہ وہ بہت جلد مکمل صحت یاب ہوجائیں گے اور معمول کی زندگی گزاریں گے۔ اس موقع پر وزیر مملکت کیڈ نے صدرمملکت کو دونوں بچوں کی حالت اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) اسلام آباد میں ان کے علاج معالجے کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ بچوں کا بھرپورخیال رکھا جائے اوراس بات پر زوردیا کہ پاکستانی ڈاکٹروں کو اس بیماری کی مکمل تحقیق اوراس کے اسباب کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے موثرعلاج تجویز کرنا چاہئے۔

صدرنے اس امر پر اطمینان کا اظہارکیا کہ پمز کے ڈاکٹرز دونوں بچوں کے علاج کیلئے اپنی بھرپورکاوشیں بروئے کار لارہے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ترقی یافتہ ممالک کے طبی اداروں سے بھی اس ضمن میں مشاورت کی جائے تاکہ اس بیماری کے بارے میں ٹھوس نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :