منتخب وزیراعظم تھا لیکن مجھے نااہل قرار دیا گیا ،اب نواز شریف کی باری ہے‘ یوسف رضا گیلانی

جمعرات 12 مئی 2016 15:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میں منتخب وزیراعظم تھا لیکن مجھے نااہل قرار دیا گیا اور اب وزیراعظم نواز شریف کی باری ہے، میرے امریکیوں سے ذاتی مراسم نہیں،امریکی اورافغان فورسز نے مشترکہ آپریشن میں خود علی حیدر گیلانی بازیاب کرایا ،پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن مشترکہ موقف اپنا رہی ہے ۔

اغوا ء کاروں سے بازیاب ہونے والے اپنے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جن لوگوں نے این آر کا فائدہ اٹھایا انہیں کسی نے پوچھا تک نہیں، میں این آراو سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل نہیں تھا لیکن مجھے اس کیس سمیت 28دیگرمقدمات میں پھنسا دیا گیا جب کہ میں منتخب وزیراعظم تھا اورنا اہل قراردے دیا گیا، اب تک عدالتوں میں پیش ہو رہا ہوں کئی مقدمات میں ضمانت بھی ہوئی اور اب بھی 27کے قریب مقدمات میں میرا نام شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب وزیراعظم نوازشریف کی باری ہے انہیں پاناما لیکس کی وضاحت کے لئے پارلیمنٹ میں آنا ہوگا اورہم بھی اپنا موقف پارلیمنٹ میں ہی پیش کریں گے تاہم پاناما لیکس کے معاملے پرمتحدہ اپوزیشن کے درمیان مشاورت جاری ہے۔اپنے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کی بحفاظت بازیابی کسی معجزے سے کم نہیں ۔

بیٹے کی بازیابی کیلئے دعائیں کرنے والوں کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خبر آئی ہے اس وقت سے مبارکبادوں کے پیغامات اور لوگ کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے میں ان تمام لوگوں کا بیحد مشکور ہوں۔ انہوں نے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے امریکی فورسز کے آپریشن کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ میرے امریکی حکومت سے براہ راست تعلقات ہیں، صرف بطور وزیر اعظم ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں۔

بیٹے کی بازیابی کے لئے افغان حکومت سے مسلسل بات چیت ہوتی رہی ہے اور اس حوالے سے افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اورافغان فورسز کے مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں ہی علی حیدر کی بازیابی ممکن ہوسکی اور اس آپریشن کے دوران القاعدہ کے کمانڈر سمیت متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے، بیٹے کی بازیابی پر دونوں فورسز کے اعلی حکام کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قید کے دوران علی حیدر گیلانی نے جو صفحات لکھے تھے انہیں اغواء کاروں نے جلا دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میرے خلاف کئی مقدمات بنا دئیے گئے ہیں لیکن میں عدالتوں کا سامنا کروں گا کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، بیٹے کی گھر واپسی کے موقع پر بھی موجود نہ ہونا اس کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے پانامہ لیکس کے حوالے سے کہا کہ اس حوالے سے اپوزیشن مشترکہ موقف اپنا رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں بھی اپنا موقف دے گی ۔