قوام متحدہ کا مقصد عالمی سطح پر جرائم کو روکنا اور دنیا میں امن وامان یقینی بنانا ہے ‘ ملیحہ لودھی

تنازعات کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے میں ہچکچاہٹ کیوں ہے؟ خطاب

جمعرات 12 مئی 2016 14:30

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کا مقصد عالمی سطح پر جرائم کو روکنا اور دنیا میں امن وامان یقینی بنانا ہے ‘تنازعات کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے میں ہچکچاہٹ کیوں ہے؟۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والے مباحثہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کو نئے خطرات درپیش ہیں ‘ دنیا میں امن یقینی بنانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل میں یو این کی ناکامی دہرے معیار میں آتی ہے ‘فوجی جارحیت ،بیرونی مداخلت کو نظر انداز کرنا بھی دہرا معیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مقصد عالمی سطح پر ہونے والی ناانصافیوں کو روکنا ہے تو پھرغیر ملکی تسلط اور حق خودارادیت سے انکار کیوں ہے؟۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاغیر ملکی تسلط اور حق خودارادیت سے انکار نہیں کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو حق خود ارادیت سے انکار جاری رہتا ہے اور طویل عرصہ سے حل طلب یہ دونوں مسائل حل نہیں ہوتے تو یہ اقوام متحدہ کی طرف سے دہرے معیار کا مظاہرہ ہوگا۔ انہوں نے عالمی ادارہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ اپنی قراردادوں میں کئے گئے وعدے پورے کرے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ عالمی ادارہ اس وقت دنیا کو درپیش، اسلام فوبیا، عدم برداشت، دہشت گردی، امتیازی سلوک اورغیرملکیوں سے نفرت جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تعاون پرمبنی موثر اقدامات کرے۔

پاکستانی مندوب نے یاد دہانی کرائی کہ ریاستوں کی خودمختاری کے لحاظ سے مساوات، بین الاقوامی تنازعات کا پرامن حل، طاقت کے استعمال اور اس کے استعمال کی دھمکی سے گریز اقوام متحدہ کے چارٹر میں موجود بنیادی اصول ہیں۔ عالمی ادارے کے قیام کا مقصد ہی ان نا انصافیوں کو روکنا تھا جن کا آج کشمیر و فلسطین کے باشندے سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ نا انصافیاں روکنا ہماری اجتماعی ذمہ داری نہیں۔

انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ سلامتی کونسل ان معاملات کو بین الاقوامی عدالت انصاف کو ریفر کیوں نہیں کرتی اورجنرل اسمبلی کو عالمی امن وسلامتی کے حوالے سے اپنی سفارشات دینے کی ذمہ داری ادا کرنے سے کیوں روکا جاتا ہے؟اگر ان سوالات کے جواب نہیں دیئے جاتے تو عالمی برادری اقوام متحدہ کو چند طاقتوں کے ہاتھوں میں سیاسی آلہ کار سے زیادہ کچھ نہیں سمجھے گی اور اس سے عالمی ادارے کی ساکھ متاثر ہوگی۔

متعلقہ عنوان :