بی بی سی میں بڑی تبدیلیوں کا منصوبہ،وائٹ پیپرمیں پیش کیاجائیگا

جمعرات 12 مئی 2016 14:17

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء)برطانوی حکومت نے نشریاتی ادارے بی بی سی میں ’بڑے پیمانے پر تبدیلیوں‘ کا منصوبہ بنایا ہے، جسے ایک وائٹ پیپر میں پیش کیا جائے گا۔اس کے تحت بی بی سی کی نگرانی کرنے والے ٹرسٹ کو ختم کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ روزمرہ کے معاملات چلانے کے لیے ایک بورڈ مقرر کیا جائے گا، جب کہ اوف کوم بیرونی نگرانی کے فرائض سرانجام دے گا۔

میڈیارپورٹس میں پیپر میں وزرا یہ کہیں گے کہ لائسنس فیس کم از کم 11 سال تک جاری رہے اور مستقبل میں ناظرین کو بی بی سی آئی پلیئر کے استعمال کے لیے رقم دینا ہو گی۔اس کے علاوہ بھاری تنخواہیں پانے والے افراد کی تنخواہیں منظرِ عام پر لائی جائیں گی۔بی بی سی کا حالیہ رائل چارٹر، جس کے تحت ادارے کے قواعد اور مقاصد وضع کیے جاتے ہیں، اس سال دسمبر میں ختم ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے مستقبل کے بارے میں عوامی مشاورت گذشتہ برس شروع کر دی گئی تھی۔کلچر سیکریٹری جان وٹنگ ڈیل چارٹر کی تجدید کے نگران ہیں۔ وہ ایک وائٹ پیپر جاری کریں گے جس میں بی بی سی کے مستقبل کی تفصیلات درج ہوں گی۔قبل ازیں یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ بی بی سی کو اپنی آن لائن سروسز میں کٹوتی کرنا ہو گی، اور کھانا پکانے کی ترکیبیں اور سفر کے بارے میں صفحات کم کرنا ہوں گے۔ بی بی سی کا کہنا ہے کہ ایسی تمام باتیں محض ’قیاس آرائیاں‘ ہیں۔