بہاولنگر‘ دو ماہ میں بین الاضلاعی گروہ کے 4خطر ناک ڈاکو پولیس مقابلہ میں ہلاک

جمعرات 12 مئی 2016 14:10

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) دو ماہ میں بین الاضلاعی گروہ کے 4خطر ناک ڈاکو پولیس مقابلہ میں ہلاک ہوئے اور دو کروڑ روپے مالیت کے چھینے ہوئے اور چوری شدہ اثاثہ جات بر آمد کئے ۔ شارق کمال صدیقی-ڈسٹرکٹ پولیس لائن بہاولنگر کے سبزہ زار میں پروقار تقریب اور پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ پریس کانفرنس میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں، مختلف محکموں کے افسران وراور معززین شہر نے بھر پور شرکت کی ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسربہاولنگر شارق کمال صدیقی نے اس پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ میں بین الاضلاعی گروہ کے 4خطر ناک ڈاکو پولیس مقابلہ میں ہلاک ہوئے جو 83کے قریب ڈکیتی ، راہزنی، قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں بہاولنگر کے علاوہ پاکپتن، بہاولپور اور وہاڑی کی پولیس کو مطلوب تھے ۔

(جاری ہے)

یہ ڈاکو شاہراہوں کو بلاک کر کے رات کے اندھیرے میں لوٹ مار کرتے تھے۔

ہلاک ہونیوالے ڈاکوؤں میں ظہور احمد ڈھڈی، محمد الیاس چدھڑ، اللہ دتہ مغل اور محمد جمیل عرف جیلا بھٹی شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، بہاولنگر نے مزید بتلایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کے چھینے ہوئے اور چوری شدہ اثاثہ جات بر آمد کئے جن میں 32موٹرسائیکلیں، دو ٹریکٹر، ایک ٹرالہ ، لیپ ٹاپ،مال مویشی ، طلائی زیورات ، گھریلو سامان اور نقدی بھی شامل ہیں جو اس تقریب میں اصل مالکان کے حوالے کئے جا چکے ہیں۔

اسی طرح سنگین جرائم میں ملوث 605ملزمان کے علاوہ 1068 اشتہاریوں کو بھی گرفتار کر کے پابند سلاسل کیا گیا۔ بڑی تعداد میں موٹر سائیکلوں کی بر آمدگی پر انسپکٹر محمد اکبرSHOتھانہ سٹی چشتیاں، سب انسپکٹر سیف اللہ حنیف انچارج CIAاور ان کی ٹیم کے لئے20ہزار روپے نقد انعام و سرٹیفیکیٹ دئیے گئے۔ ڈی پی او بہاولنگر نے ضلعی پولیس بہاول نگر کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتلایا کہ آئندہ بھی عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لئے اس فرض کی بجا آوری میں صبح شام کی تمیز کئے بغیر مشن جاری رکھا جائے گا۔ ڈی پی او بہاولنگر نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ بہاولنگر ضلع کو ہر صورت جرائم سے پاک کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :