مسلم لیگ ن پاناما لیکس کا معاملہ لٹکا کر ملکی سلامتی خطرے میں ڈال رہی ہے۔ انجینئر یاسر گیلانی

جمعرات 12 مئی 2016 13:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پاناما لیکس کا معاملہ لٹکا کر ملکی سلامتی خطرے میں ڈال رہی ہے۔ اپنے کرپٹ لوگوں کو بچانے کے لئے پوری قوم کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے لیکن تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف جھنڈا بلند کیا ہوا ہے اور کرپٹ حکمرانوں کو سلاخوں کے پیچھے بھیج کر دم لے گی۔

(جاری ہے)

شاہدرہ آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دین فروش حواری اُن کو بچانے کے لئے ضمیر بیچ رہے ہیں۔ پوری قوم کرپٹ مافیا کے خلاف متحد ہو چکی ہے۔ بے رحم احتساب ملک و قوم کے مفاد میں ہے اس لئے حکمرانوں سمیت سب اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت میں پارلیمنٹ میں اپنا موقف پیش نہ کرنے والے وزیراعظم کس سے خوف زدہ ہیں،وزیراعظم نے اپنا اقتدار بچانے کے لئے چند روز میں جتنے اجلاس بلائے اتنے تین سالوں میں ملک کی ترقی کے لئے بلائے ہوتے تو یہاں ترقی کاسفر شروع ہوگیا ہوتا۔